سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں امن کمیٹی کے شیعہ علماء ، متولیوں اور آرگنائزز سے ملاقات

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 7 اگست 2020 17:01

سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) سربراہ لاہور پولیس ذوالفقار حمید کی زیر صدارت سٹی ڈویڑن کی امن کمیٹی کے شیعہ علماء ، متولیوں ، آرگنائزرز، بانیان، جلوس لائسنس ہولڈرز سے ملاقاتیں کیں، ملاقات میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق احمد خان، ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزاد، ایس پی سٹی تصور اقبال، سمیت متعدد افسران نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں پاوٴنڈو سٹریٹ کے منتظمین، امن کمیٹی ممبر قاسم علی، سید ذوالفقار نقوی، سید لال شاہ سمیت متعدد لائسنس ہولڈرز نے بھی شرکت کی۔ میٹنگز میں محرم الحرام کے سلسلہ میں سٹی ڈویڑن میں محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں کی سیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، ذوالفقار حمید نے بانیان، لائسنس ہولڈرز، آرگنائزرز، متولیوں، شعیہ علماء کو حکومتی گائیڈ لائنز بارے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ تمام مجالس، جلوس حکومتی گائیڈ لائنز کے مطابق ہونگے۔ذوالفقار حمیدنے ایس ایس پی آپریشنز فیصل شہزادکو ہدایت کی کہ کو مجالس اور جلوس پر تعینات رضاکاروں کی ٹریننگ کروائی جائے رضاکاروں کو جامعہ تلاشی، مشکوک افراد کی چیکنگ اور ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے ٹرینڈ کیا جائے۔امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی و سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر روف ٹاپ ڈیوٹی، جامعہ تلاشی اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے نفری تعینات کی جائے گی۔ مجالس اور جلوس کے روٹس اور وقت کا خاص خیال رکھا جائے اور جلسے، جلوسوں کے راستوں میں مناسب لائٹس کا بندوبست کیا جائے جبکہ حکومتی گائیڈ لائنز کے پیش نظر آرگنائزر، متولی مجالس اور جلوس میں ماسک اور سماجی فاصلوں پر سختی سے عملدرآمد کروائیں گے، ان کا مزید کہنا تھا کہ سینی ٹائزر، مناسب فاصلہ رکھتے ہوئے کورونا وباء سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

انہوں نے تمام ڈویڑنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ شیعہ علماء ، امن کمیٹیوں اور انتظامیہ سے میٹنگز کرکے باہمی مشاورت اور مل بیٹھ کر مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ چھوٹے چھوٹے مسائل کو تھانہ لیول اور ڈویڑن لیول پر حل کریں۔ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فوری امن کمیٹی، پولیس اور انتظامیہ کو اطلاع دیں۔ سربراہ لاہور پولیس کا مزید کہنا تھا کہ ایس پی سٹی الائیڈ محکموں سے میٹنگ کریں اور تمام آرگنائزرز، متولیوں کو حکومتی گائیڈ لائنز فراہم کریں۔

مجالس اور جلوسوں میں بغیر تلاشی کسی کو داخل نہ ہونے دیا جائے گا اور مجالس اور جلوس میں داخلے کیلیے صرف ایک ہی پوائنٹ سے انٹری کروائی جائے گی۔ مجالس اور جلوسوں میں عبادات اور رسومات کی ادائیگی میں کم سے کم زائرین اور عزارداروں کو دعوت دی جائے۔ محرم الحرام میں شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ نقص امن کا باعث بننے والوں سے سختی نمٹا جائے گا۔