ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی محرم الحرام کے سلسلہ میں اہل تشیع رہنماوٴں کے ساتھ میٹنگ

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 7 اگست 2020 17:05

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی محرم الحرام کے سلسلہ میں اہل تشیع ..
ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2020ء،نمائندہ خصوصی،طارق مجید کھوکھر) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹوبہ ٹیک سنگھ رانا عمر فاروق کی محرم الحرام کے سلسلہ میں اہل تشیع رہنماوٴں کے ساتھ میٹنگ ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ رانا عمر فاروق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پولیس لائنز ٹوبہ میں ضلع بھر میں امن و امان کے قیام اور محرم الحرام کی آمد کے حوالے سے اہل تشیع رہنماوٴں کیساتھ میٹنگ منعقد ہوئی۔

جس میں ضلع بھر سے اہل تشیع رہنماوٴں نے شرکت کی اس دوران محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں گفت و شنید ہوئی اوراہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی پی او ٹوبہ رانا عمر فاروق نے کہا کہ آپ کا اور ہمارا مقصد ایک ہے کہ محرم الحرام 2020 کے دوران امن وامان برقرار رہے ٹوبہ ٹیک سنگھ کو امن کا گہوراہ بنانے، قانون کی بالادستی قائم کرنے میں اہل تشیع کمیونٹی کا کردار قابل تحسین ہے محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں امن وا مان کے قیام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا ئے جائیں گے تا ہم امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے آپ معززین بھی اپنامثبت کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اہل تشیع رہنماوٴں نے بھی قیام امن کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں اور حکومت کی طرف سے جاری کرونا ایس او پی پر مکمل عمل درآمد کا یقین دلایااور اعادہ کیا کہ ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں تمام مکاتب فکر کے لوگ امن چاہتے ہیں۔اہل تشیع رہنماوٴں نے اعادہ کیا کہ موجودہ ملکی حالات میں ہم سب اکٹھے ہیں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔میٹنگ کے اختتام پر ملک پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔