عمر ایوب او شہزاد سید قاسم سے سندھ اسمبلی کے ارکان کی ملاقات ، مختلف امور پر تبادلہ خیال

ملاقات میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کو حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی

جمعہ 7 اگست 2020 20:48

عمر ایوب او شہزاد سید قاسم سے سندھ اسمبلی کے ارکان کی ملاقات ، مختلف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2020ء) وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاور شہزاد سید قاسم سے سندھ اسمبلی کے ارکان نے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سندھ کی صوبائی اسمبلی کے لیڈر آف آپوزیشن سید فردوس شمیم نقوی کی سربراہی میں وفد نے وزیر توانائی عمر ایوب خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پاور شہزاد سید قاسم سے ملاقات کی جس میں سیکٹریری پاور ڈویژن عمر رسول، پیپکو اور پاور ڈویژن کے افسران نے بھی شرکت کی ۔

ملاقات میں سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی کو حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی،ارکان صوبائی اسمبلی کو بتایا گیا کہ ان دونوں کمپنیوں کے صارفین کے واجبات سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اعلامیہ میں کہاگیاکہ نجی شعبے اور حکومت سندھ کے ذمہ بجلی کی قابل ادا رقم حیسکو کیلئے 90 ارب روپے جبکہ سیپکو کیلئے 130 ارب روپے ہے ،ان دونوں کمپنیوں کے مالی معاملات کافی گھمبیر ہو چکے ہیں ،بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگیوں کی وجہ سے لائن لاسسز حیسکو میں 50.2فیصد اور سیپکو میں 63.8فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق پرائیویٹ بلوں کی ریکوری حیسکو میں 70 فیصد اور سیپکو میں 56.8 فیصد ہے ،ان مسائل کی وجہ سے غلط بلنگ ، اوور بلنگ اور دیگر مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، ارکان کو بتایا گیا کہ پاور ڈویڑن نے ان کمپنیوں میں صحیح بلنگ کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن شروع کرنا ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق جس سے شروع کے مہینوں میں لاسسز مزید بڑھنے کا قوی امکان ہے ۔

ارکان اسمبلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مینجنگ ڈائریکٹر پیپکو اور انکی ٹیمیں خود ان کمپنیوں میں کھلی کچہریاں منعقد کریں گے ،حکومت کے کوشش ہے کہ ان دونوں کمپنیوں میں صنعتوں کیلئے خصوصی مراعات دی جائیں ، جس سے نہ صرف بجلی کے ریونیو میں اضافہ ہو بلکہ وہاں روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں ،فاقی وزیر پاور نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ سیاست سے بالاتر ہو کر اس سارے عمل میں حکومت کا ساتھ دیں ، اعلامیہ کے مطابق اراکین اسمبلی کے تعاون سے سندھ کے عوام کو بلا تعطل بجلی فراہمی ممکن بنائی جا سکے ۔

اعلامیہ کے مطابق وفد میں شریک تمام ارکان اسمبلی نے اس موقع پر سندھ کے عوام کیلئے کی جانے والی ہر اقدام میں بھرپور ساتھ دینے کا اعادہ کیا ، وفد میں سائرہ عمران، رابعہ اظفر، سیدعمران علیشاہ، بلال غفاراور ریاض حیدر ایم پی ایز شامل تھے۔