پاکستان نے مقامی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا

تمام ائیرلائنز ہفتے کی شب 12 بجے سے ملکی ائیرپورٹس سے معمول کے مطابق پروازیں چلا سکیں گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 اگست 2020 19:32

پاکستان نے مقامی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال کر ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست 2020ء) پاکستان نے مقامی اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا، تمام ائیرلائن ہفتے کی شب 12 بجے سے ملکی ائیرپورٹس سے معمول کے مطابق پروازیں چلا سکیں گی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نےعالمی اورعلاقائی پروازوں کا آپریشن مکمل طور پر بحال کردیا ہے اور ہفتے کی رات 12 بجے سے پروازیں اڑان بھرسکیں گی۔

اس حوالے سے سول ایوی ایشن کی جانب سے سے باضابطہ طور پر نوٹم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ تمام ایئرلائنز کو شیڈول کے مطابق آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایوی ایشن حکام کے مطابق ایئرلائنز کوایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا۔ چارٹرڈ پروازیں بھی ایس او پی کے مطابق آپریٹ کریں گی۔ اب تمام ائیرلائنز کو ملک کے ائیرپورٹس سے معمول کے مطابق پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گزشتہ روز حکومت نے ملک کے مزید 8 ہوائی اڈے کھولنے کی اجازت دے دی تھی۔ ان ایئرپورٹس میں ہوائی اڈوں میں تربت، پنجگور، دالبندین، ژوپ، پسنی، موہنجوداڑو، نوابشاہ اور بہاولپور شامل ہیں۔ بتایا گیا تھا کہ ہوائی اڈوں سے کارگو، اسپیشل فلائٹس اور نجی پروازیں بھی آپریٹ ہوسکیں گی۔ اس سے پہلے صرف ملک کے چند اور بڑے شہروں سے پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے کرونا وائرس پھیلاو کی وجہ سے مارچ میں اپنا فضائی آپریشن بند کر دیا تھا۔ بعد ازاں خصوصی پروازوں کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کا مقصد بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانا اور پاکستان مین پھنسے غیر ملکیوں کو ان کے ممالک واپس بھجوانا تھا۔ اس کے بعد اندرونی اور پھر بین الاقوامی پروازیں محدود پیمانے پر بحال کی گئیں۔ جبکہ اب حکومت نے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا ہے۔