ایئرانڈیا ایکسپریس طیارہ حادثہ، 15 مسافر ہلاک، 123 زخمی ہوگئے

دبئی سے آنے والی پرواز بی 737 میں 191 مسافر تھے، مسافروں کو طیارے کے ملبے سے نکالنے کیلئے امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ بھارتی میڈیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 7 اگست 2020 21:05

ایئرانڈیا ایکسپریس طیارہ حادثہ، 15 مسافر ہلاک، 123 زخمی ہوگئے
کیرالہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اگست 2020ء) ایئرانڈیا ایکسپریس کا طیارہ بی 737 کاری پور ایئرپورٹ پر حادثے میں تباہ ہوگیا، طیارے میں 191 مسافر تھے، ابھی تک 15 اموات کی تصدیق کی گئی ہے، جبکہ 123 مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ مسافروں کو طیارے کے ملبے سے نکالنے کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دبئی سے بھارتی ریاست کیرالہ میں آنے والی ایئرانڈیا ایکسپریس کی پرواز بی 737 کی کاری پور ایئرپورٹ پر لینڈنگ ہوئی تھی کہ موسلا دھار بارش کے باعث طیارہ رن وے پر اترتے ہی پھسل کر قریبی آبادی میں گھس گیا۔

تیز بارش کے باعث پائلٹ کی دیکھنے کی صلاحیت کم ہوگئی تھی۔ جس سے طیارہ دو حصوں میں تقسیم ہوکر تباہ ہوگیا۔
بتایا گیا ہے کہ طیارے میں 191 مسافر تھے۔

(جاری ہے)

جن میں پائلٹ سمیت 15  مسافروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔ جبکہ 123 مسافر زخمی ہوگئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع پر فوری ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئی ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

ریسکیو ٹیموں کی امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ حادثے کا شکار انڈین طیارہ کورونا کے باعث دبئی میں پھنسے ہوئے بھارتی شہریوں کو واپس لا رہا تھا۔