ائیر انڈیا طیارے کی کریش لینڈنگ، کئی مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے

آخری اطلاعات تک حادثے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 15 افراد ہلاک ہو چکے، زندہ بچ جانے والے 38 زخمی مسافروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 اگست 2020 21:33

ائیر انڈیا طیارے کی کریش لینڈنگ، کئی مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے
کیرالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2020ء) ائیر انڈیا طیارے کی کریش لینڈنگ، کئی مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گئے، آخری اطلاعات تک حادثے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 15 افراد ہلاک ہو چکے، زندہ بچ جانے والے 38 زخمی مسافروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ بھارتی خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ  تفصیلات کے مطابق دبئی میں پھنسے ہندوستانیوں کو بھارت واپس لے جانے والا ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ کیرالہ میں کریش کر گیا ہے۔

جائے وقوعہ پر امدادی ٹیمیں پہنچ چکی ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ آخری اطلاعات تک حادثے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ کئی مسافر معجزانہ طور پر زندہ بھی بچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے کے ملبے سے اب تک 38 زندہ مسافروں کو نکالا گیا ہے جو زخمی ہیں۔

(جاری ہے)

انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ باقی مسافروں کی تلاش جاری ہے۔

  بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز دبئی سے 191 مسافروں کو لے کر بھارت آنے والی ائیر انڈیا کی پرواز کیرالہ ریجن کے کاری پور ائیرپورٹ (کالی کٹ ائیرپورٹ) پر لینڈ کی، تاہم اس دوران موسلادھار بارش جاری تھی، جبکہ حد نگاہ بھی کم ہو چکی تھی۔ رن وے پر شدید پھسلن تھی جس کی وجہ سے پائلٹ طیارے کو کنٹرول میں نہ رکھ سکا اور طیارہ ائیرپورٹ کے قریب آبادی میں جا گھسا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارہ 2 حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ حادثے کی کچھ تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئی ہیں:



بتایا گیا ہے کہ درجنوں مسافر لاپتہ ہیں۔ حادثے کی وجہ سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔