کیرالہ طیارہ حادثے پر وزیراعظم کا ردعمل

عمران خان کا ہونے والے جانی نقصان پر افسوس اور غم کا اظہار، حادثے میں آخری اطلاعات تک 15 افراد ہلاک ہو چکے

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 اگست 2020 23:34

کیرالہ طیارہ حادثے پر وزیراعظم کا ردعمل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2020ء) کیرالہ طیارہ حادثے پر وزیراعظم کا ردعمل، عمران خان کا ہونے والے جانی نقصان پر گہرے افسوس اور غم کا اظہار، حادثے میں آخری اطلاعات تک 15 افراد ہلاک ہو چکے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بھارتی ریاست کیرالہ میں پیش آئے طیارہ حادثے پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے کیرالہ طیارہ حادثے کی اطلاع ملنے پر ٹوئٹ کیا گیا۔

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہیں حادثے کے دوران ہوئے جانی نقصان پر افسوس ہے۔ دعا ہے کہ اللہ ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو صبر و ہمت عطا کرے۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے دبئی میں پھنسے ہندوستانیوں کو بھارت واپس لے جانے والا ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ کیرالہ میں کریش کر گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

جائے وقوعہ پرریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ آخری اطلاعات تک حادثے کے نتیجے میں دونوں پائلٹس سمیت 15 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ بیشتر مسافر معجزانہ طور پر زندہ بھی بچ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ طیارے کے ملبے سے اب تک 100 سے زائد زندہ مسافروں کو نکالا گیا ہے جو زخمی ہیں۔ انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ باقی مسافروں کی تلاش جاری ہے۔

ہسپتال منتقل کیے گئے کچھ مسافروں کی حالت تشویش ناک بھی بتائی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز دبئی سے 191 مسافروں کو لے کر بھارت آنے والی ائیر انڈیا کی پرواز کیرالہ ریجن کے کاری پور ائیرپورٹ (کالی کٹ ائیرپورٹ) پر لینڈ کی، تاہم اس دوران موسلادھار بارش جاری تھی، جبکہ حد نگاہ بھی کم ہو چکی تھی۔ رن وے پر شدید پھسلن تھی جس کی وجہ سے پائلٹ طیارے کو کنٹرول میں نہ رکھ سکا اور طیارہ ائیرپورٹ کے قریب آبادی میں جا گھسا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارہ 2 حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ حادثے کی وجہ سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔