کیرالہ طیارہ حادثہ، آخری لمحات پر سفر نہ کرنے سے دو افراد حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئے

دونوں دوست دبئی سے بھارت جا رہے تھے جہاں ان کا سامان جہاز سے اتار دیا گیا تھا کیونکہ وہ زیر التواء جرمانے ادا نہیں کر سکتے تھے، سفر نہ کرنے کی وجہ وہ اس حادثے کا شکار نہیں ہوئے

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 8 اگست 2020 13:47

کیرالہ طیارہ حادثہ، آخری لمحات پر سفر نہ کرنے سے دو افراد حادثے کا شکار ..
بھارت(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-08اگست2020ء) کیرالہ طیارہ حادثہ، آخری لمحات پر سفر نہ کرنے سے دو افراد حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق دونوں دوست دبئی سے بھارت جا رہے تھے جہاں ان کا سامان جہاز سے اتار دیا گیا تھا کیونکہ وہ زیر التواء جرمانے ادا نہیں کر سکتے تھے، سفر نہ کرنے کی وجہ وہ اس حادثے کا شکار نہیں ہوئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بھارتی افراد نے بتایا ہے کہ انہیں بورڈنگ پاس مہیا کر دیا گیا تھا لیکن جب وہ امیگریشن کاؤنٹر پر گئے تو ان سے جرمانے کی رقم مانگی گئی جو وہ ادا نہیں کر سکے جس کی وجہ سے ان کا سامان جہاز سے اتار دیا گیا اور وہ اس حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز دبئی میں پھنسے ہندوستانیوں کو بھارت واپس لے جانے والا ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ کیرالہ میں کریش کر گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے۔

(جاری ہے)

جائے وقوعہ پرریسکیو ٹیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ آخری اطلاعات تک حادثے کے نتیجے میں دونوں پائلٹس سمیت 17 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ بیشتر مسافر معجزانہ طور پر زندہ بھی بچ گئے۔

بتایا گیا ہے کہ طیارے کے ملبے سے اب تک 100 سے زائد زندہ مسافروں کو نکالا گیا ہے جو زخمی ہیں۔ انہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ باقی مسافروں کی تلاش جاری ہے۔ ہسپتال منتقل کیے گئے کچھ مسافروں کی حالت تشویش ناک بھی بتائی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جمعہ کے روز دبئی سے 191 مسافروں کو لے کر بھارت آنے والی ائیر انڈیا کی پرواز کیرالہ ریجن کے کاری پور ائیرپورٹ (کالی کٹ ائیرپورٹ) پر لینڈ کی، تاہم اس دوران موسلادھار بارش جاری تھی، جبکہ حد نگاہ بھی کم ہو چکی تھی۔

رن وے پر شدید پھسلن تھی جس کی وجہ سے پائلٹ طیارے کو کنٹرول میں نہ رکھ سکا اور طیارہ ائیرپورٹ کے قریب آبادی میں جا گھسا۔ حادثے کے نتیجے میں طیارہ 2 حصوں میں تقسیم ہو گیا۔ حادثے کی وجہ سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔