ائیر انڈیا حادثہ، طیارے کا بلیک باکس مل گیا

طیارے کا ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر، کاک پٹ وائس ریکارڈر اور بلیک باکس ملبے سے نکال لیا گیا ہے جن کی مدد سے حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، بھارتی میڈیا

Khurram Aniq خُرم انیق ہفتہ 8 اگست 2020 14:22

ائیر انڈیا حادثہ، طیارے کا بلیک باکس مل گیا
بھارت(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-08اگست2020ء) ائیر انڈیا حادثہ، طیارے کا بلیک باکس مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھارت میں پیش آنے والے طیارے حادثے کا بلیک باکس مل گیا ہے جس کےبعد تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ طیارے کا ڈیجیٹل فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر، کاک پٹ وائس ریکارڈر اور بلیک باکس ملبے سے نکال لیا گیا ہے جن کی مدد سے حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 22 افراد کو طبی امداد کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے جب کہ 100 افراد زخمی ہیں جن میں سے 15 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ بھارتی قومی فضائی کمپنی”ایئرانڈیا“کی یہ فلائٹ 191مسافروں کو لے کر دوبئی سے آئی تھی‘ حادثے کے بعد طیارہ تین حصوں میں تقسیم ہو گیا ، بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہرکیا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ایئرانڈیا کی پروازاے بی ایکس1344نے جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب 2بجے دوبئی سے اڑان بھری اور اس نے ہفتہ کی صبح 5بجے ریاست کیرالہ کے شہرکالی کٹ کے ”کوئیکوڈانٹرنیشنل ایئرپورٹ“ پر لینڈکرنا تھا جہازکے191مسافسروں میں 10بچے بھی شامل تھے جبکہ جہازکا عملہ 6افراد پر مشتمل تھا جن میں دومیں سے ایک پائلٹ کی موقع پر موت ہوگئی ہے جبکہ دوسرا شدید زخمی ہے . طیارہ حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور جائے حادثہ پر واقعے مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے شہری ہوابازی کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حادثے کی رسمی جانچ اے اے آئی بی کرے گا، انہوں نے بتایا کہ ایئر انڈیا اور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی ٹیمیں ممبئی اور دہلی سے کوئیکوڈ پہنچ رہی ہیں. ملاپورم کے ضلعی مجسٹریٹ کے گوپالکرشنن نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز ایک اور زخمی شخص کی موت ہوگئی ہے جس کے بعد ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد22 ہوگئی ہے‘ضلعی مجسٹریٹ کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تمام افراد کی شناخت کرلی گئی ہے. زخمی مسافروں میں سے 160 مسافرابھی تک شہر کے مختلف ہسپتالوں میں داخل ہیں جن میں سے30کے قریب مسافروں کی حالت انتہائی نازک بتائی جارہی ہے‘حادثے کا شکار ہونے والی ایئر انڈیا کی ایکسپریس پرواز آئی ایکس 1344 جمعے کی رات دبئی سے کالی کٹ کے کوئیکوڈ ہوائی اڈے پہنچی تھی اور ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق خراب موسم میں اترتے ہوئے طیارہ رن وے سے پھسل کر نیچے جا گرا‘بھارتی ذرائع ابلاغ پر دکھائے جانے والے مناظر میں بوئنگ 737 طیارے کو ٹکڑے ٹکڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے‘بھارتی سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل نے بتایا ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے پر رک نہیں سکا اور وادی میں گر کر دو ٹکڑے ہو گیا‘انہوں نے بتایا کہ جس وقت طیارہ ہوائی اڈے پر اترا تو بارش اور ابرآلودموسم کی وجہ حد نگاہ بہت کم تھی خیال رہے کہ کوئیکوڈ کے ہوائی اڈے کا رن وے ایک پہاڑی پر واقع ہے.