حکومتی فیصلے سے ملکی معیشت بحال ہوگی ،تاجربرادری

ہفتہ 8 اگست 2020 15:18

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے لاک ڈائون کے خاتمے ،تمام کاروبار کھولنے کے اعلان کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے معیشت کی بحالی کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیاہے ۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کوویڈ ۔19اور لاک ڈائون کے باعث ملکی معیشت شدید متاثر ہو کر رہ گئی تھی ، بڑے بڑے کاروباری ادارے دیوالیہ کے قریب پہنچ گئے تھے ، مختلف صنعتوں سے وابستہ افرادی قوت بے روزگار ہو چکی تھی اور ملکی معیشت جمود ا شکار تھی ۔

صبور ملک نے قومی خبر ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مشکل صورتحال میں حکومت نے کئی ماہ کے بعد لاک ڈائون کے خاتمے کا اعلان کر کے انتھائی اہم قدم اٹھایا ہے جو کہ یقیناً ملکی معیشت میں ایک نئی روح پھونک دے گا ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی سمال چیمبرز اینڈ سمال ٹریڈرز کے ساجد حسن بٹ ، ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے راجہ توحید ،آل پاکستان فرنیچر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے محمد تاج عباسی ،اکرام عباسی گوشی ، مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے شاہد غفور پراچہ ،انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ کے سید شاہد علی شاہ جی ، سٹیشنری اور بکس ایسوسی ایشن کے حماد قریشی و دیگر نے سرکاری خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ لاک ڈائون کے خاتمے کا فیصلہ قابل ستائش ہے ۔

اس فیصلے سے ملکی معیشت کی بحالی میں مدد ملے گی اور بے روزگاری میں کمی ہو گی۔