آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس ،محرم الحرم کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا

ضلع بھر کی امام بارگاہوں کے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں،آئی جی محمد عامر ذوالفقار امام بارگاہوں اور جلوسوں پر ڈیوٹی پر مامور تمام پولیس کے افسران و جوانوں کو سپیشل کارڈ جاری کیے جائیں ، اجلا س سے خطاب

ہفتہ 8 اگست 2020 19:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2020ء) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں محرم الحرم کے دوران سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز ،اے آئی جیز،ایس ایس پیز، ایڈیشنل ایس پی اور زونل ایس پیز نے شرکت کی ۔آئی جی نے ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید کو محرم الحرم کے حوالے سے جامعہ سیکورٹی پلان مرتب کرنے اور تمام انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی۔

آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ ضلع بھر کی امام بارگاہوں کے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوںنے کہاکہ امام بارگاہوں اور جلوسوں پر ڈیوٹی پر مامور تمام پولیس کے افسران و جوانوں کو سپیشل کارڈ جاری کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ضلع بھر کے تمام چھوٹے بڑے جلوسوں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ امام بارگاہوں اور جلوسوں پر سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے مکمل نگاہ رکھی جائے گی۔

انہوںنے کہاکہ امام بارگاہوں میں ہر قسم کی ٹریفک کے داخلے کو بند کیا جائے اردگرد خاردار تاریں لگائی جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ جلوسوں کے راستے میں آنے والی تمام بلڈنگ کی چھتوں پر پولیس فورس کے جوان تعنیات کیے جائیں ،جلوسوں کے راستوں کی جدید ٹیکنالوجی اور روبوٹ کے ذریعے سرچنگ کرائی جائے۔ انہوںنے کہاکہ جلوس میں شامل ہونے والے تمام عزاداران کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، امام بارگاہوں میں حکومتی ایس او پیز پر عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے۔

آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ زونل ایس پیز جلوسوں کے اوقات کی پابندی کے لئے امام بارگاہوں کے منتظمین سے میٹنگ کریں۔انہوںنے کہاکہ ڈی جی سیف سٹی محرم الحرم کے موقع پر ضلع بھر کی سیکورٹی کی کیمروں سے مانیٹرنگ کروائیں۔ آئی جی نے کہاکہ اے آئی جی سپیشل برانچ امام بارگاہوں میں واک تھرو گیٹ و دیگر حفاظتی انتظامات یقینی بنائیں۔ انہوںنے کہاکہ سیکورٹی انتظامات میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ آئی جی نے کہاکہ ایس ایس پی ٹریفک جلوسوں کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی ٹریفک پلان جاری کریں۔ آئی جی نے کہاکہ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز محرم الحرم کے دوران لاجسٹک سپورٹ فراہم کریں گے ۔