انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی و قومی فریضہ ہے اور اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

ہفتہ 8 اگست 2020 22:56

انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی و قومی فریضہ ہے اور اللہ کی خوشنودی حاصل ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ہمارا مذہبی و قومی فریضہ ہے اور اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کرنے والے کا نام ہمیشہ زندہ وجاوید رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے دکھ درد کو اپنا دکھ درد سمجھنا ہی زندگی کا اصل مقصد ہے، اس مقصد کو زندگی کا اشعار بنا کر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت اور مشکل وقت میں لوگوں کے کام آنا ہی زندگی کا اصل مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جذبے سے سرشار انسانوں کو انسانیت کی خدمت کر کے جو دلی خوشی حاصل ہوتی ہے اس کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹائیگر فورس کے قیام کی مناسبت سے ملکی سطح پر منائے جانے والے خصوصی دن کے موقع پر کیا جو 9 اگست کو ملک بھر میں منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کورونا وباء کے دوران ٹائیگر فورس کی گراں قدر خدمات کو سراہتے کہا کہ کورونا وائرس وباء کے دوران ٹائیگر فورس کے رضاکاروں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں جو قابل ستائش ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی مدد سے ملک کو ہنگامی صورت میں پیش آنے والے بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم سب اپنے اندر انسانیت کی مدد اور خدمت کا جذبہ پیدا کر لیں، تو ہم اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹائیگر فورس کے ذریعے کورونا وباء سے متاثرہ افراد کو مدد ملی ہے اور ان کی مشکلات میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے اس اقدام کو سراہتے ہوے کہا کہ ٹائیگر فورس کے قیام کا فیصلہ ایک مثالی اقدام ہے جس کے ذریعے کورونا وبائ سے متاثرہ عوام کی مدد کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ملک میں ٹائیگر فورس کے قیام کا فیصلہ ملک کو آگے لے کر جانے میں نہایت سودمند ثابت ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے سمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ احس اقدام ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ اسپیکر اسد قیصر نے مون سون شجر کاری مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کل سے ملک بھر میں مون سون شجر کاری مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے جس میں انہوں نے عوام سے شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ درختوں کی کٹائی اور کمی کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جس کے براہ راست اثرات ہماری فصلوں پر پڑ رہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درختوں کی بے جا کٹائی اور کمی کی وجہ سے پانی کی کمی جیسے بحران کا بھی خدشہ ہے۔انہوں نے درخت لگانے کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے اور ایک درخت لگانے سے انسان کو اس وقت تک اس کا ثواب ملتا رہے گا جب تک اس سے دوسرے انسان مستفید ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ درخت ہمیں آکسیجن مہیاء کرنے اور ہمارے ماحول کو آلودگی سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ان کی افزائش کے لیے ہمیں شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ مون سون شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے میں ٹائیگر فورس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے اور موجود حکومت کے ویڑن کے مطابق ملک بھر میں بلین ٹری منصوبے کو پایا تکمیل تک پہنچانے میں ٹائیگر فورس اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔