میر غوث بخش بزنجو کی سیاسی فلسفہ سے ہی قومی وطنی اہداف کی تکمیل کو شعوری طور پر ممکن بنایا جاسکتا ہے،میر عبدالخالق بلوچ

ہفتہ 8 اگست 2020 22:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2020ء) نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میر عبدالخالق بلوچ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کی سیاسی فلسفہ سے ہی قومی وطنی اہداف کی تکمیل کو شعوری طور پر ممکن بنایا جاسکتا ہے۔سیاست میں اقدار سنجیدگی بربادی برادشت اور رواداری کو متعارف بابائے بلوچستان نے کیا۔لیکن گزشتہ چند دہائیوں سے بھڑک بازی طوفان بدتمیزی اور مفاد پرستی کے کلچر کو فروغ دیا گیا۔

جس نے مجموعی طور پر ملک کی سیاست معیشت اور سماج کو بگاڑ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میر غوث بزنجو نے تمام عمر شعوری و فکری بنیادوں پر جدوجہد کی۔ قومیتوں کی شناخت و سوال کو مسخ کرنے کی کوشش نے ملک میں انارکی انتشار مسائل کا شکار کردیا۔انہوں نے کہا کہ بابائے بلوچستان کی جدوجہد کا محور ہی قومی سوال کے حل ،جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی کیلیے جدوجہد کی۔

(جاری ہے)

بابا بلوچستان آمریت کو زہر قاتل قرار دیتے تھے۔جو ملک کو بربادی کی طرف دھکیلتا ہے۔۔بیان میں کہا گیا کہ جمہوری شعوری اور فکری اصولوں کی پاداش میں میر بزنجو نے طویل اور سخت قیدوبند کی صعوبتیں جھیلیں لیکن اپنے سیاسی فلسفہ پر سمجھوتا نہیں کیا۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی بابائے بلوچستان کے سیاسی فلسفہ پر کاربند رہ کر قومی مقاصد کے حصول کیلیے جدوجہد کررہی ہے۔