فضل الرحمان 2 بڑی جماعتوں سے ناراض، اپوزیشن کی مشترکہ احتجاجی تحریک خطرے میں پڑگئی

مشترکہ اجلاس میں بلز کی منظوری کے دوران بڑی جماعتوں کے کردار سے مولانا فضل الرحمان ناراض ہیں ، ذرائع

ہفتہ 8 اگست 2020 23:43

فضل الرحمان 2 بڑی جماعتوں سے ناراض، اپوزیشن کی مشترکہ احتجاجی تحریک ..
اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2020ء) اپوزیشن جماعتوں میں عدم اعتماد کے باعث حکومت کے خلاف مشترکہ احتجاجی تحریک کھٹائی میں پڑگئی اور آل پارٹیز کانفرنس کے امکانات بھی کم ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بلز کی منظوری کے دوران بڑی جماعتوں کے کردار سے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ناراض ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جے یو آئی نے حکومت کے خلاف اکیلے تحریک چلانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں،اس سلسلے میں مولانافضل الرحمان نے 7 ستمبر کو پشاور میں احتجاجی جلسے اور ریلی کی کال بھی دے دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاجی تحریک سے قبل مولانافضل الرحمان نے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی سے تحریری معاہدے کی شرط بھی رکھ دی ہے۔ذرائع کے مطابق عید سے قبل مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادت سے تحریری معاہدے کی یقین دہانی کروائی تھی تاہم اس کے باوجود دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قانون سازی میں حکومت کا ساتھ دیا۔

اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کے ایجنڈے کے لیے عید کے بعد رہبرکمیٹی کا اجلاس بھی ہونا تھا تاہم دونوں بڑی جماعتوں کے کردار نے مولانا فضل الرحمان کو ناراض کردیا ہے۔