سابق ہسپانوی بادشاہ کارلوس ملک سے پراسرار رخصتی کے بعد لاپتا

بادشاہ جوآن کارلوس اس وقت امارات پیلس میں مقیم ہیں، جو دنیا کا مہنگا ترین ہوٹل ہے: ہسپانوی اخبار

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر اتوار 9 اگست 2020 06:59

سابق ہسپانوی بادشاہ کارلوس ملک سے پراسرار رخصتی کے بعد لاپتا
میڈرڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست2020ء) سابق ہسپانوی بادشاہ کارلوس ملک سے پراسرار رخصتی کے بعد لاپتا ہیں۔ ہسپانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ بادشاہ جوآن کارلوس اس وقت امارات پیلس میں مقیم ہیں، جو دنیا کا مہنگا ترین ہوٹل ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایک بڑے کرپشن اسکینڈل کے بعد اسپین کے سابق بادشاہ جوآن کارلوس کی ملک سے پراسرار رخصتی کے چار دن بعد ابھی تک یہ واضح نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔

ہسپانوی حکومت نے زور دے کر کہا ہے کہ جوآن کارلوس مفرور نہیں ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اس یورپی ملک میں گزشتہ چار دنوں سے اس بارے میں شدید قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ سابق بادشاہ کارلوس ملک سے روانگی کے بعد آخر گئے کہاں ہیں۔ اخبار اے بی سی نے، جسے عام طور پر ہسپانوی شاہی خاندان کے بارے میں انتہائی باخبر سمجھا جاتا ہے، لکھا ہے کہ جوآن کارلوس اس وقت متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں چھپے ہوئے ہیں، جہاں شیخ محمد بن زید النہیان کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات ہیں۔

(جاری ہے)

ہسپانوی اخبار کے مطابق 81 سالہ سابق بادشاہ اور اسپین کے موجودہ بادشاہ فیلیپے ششم کے والد پیر کے روز شمال مغربی اسپین کے شہر ویگو سے ایک نجی طیارے کے ذریعے ابوظہبی کے لیے روانہ ہوئے تھے۔ اس اخبارنے یہ بھی لکھا کہ جوآن کارلوس اس وقت امارات پیلس میں مقیم ہیں، جو دنیا کا مہنگا ترین ہوٹل ہے۔