آندھرا پردیش، مریضوں کے لیے قرنطینہ بنائے گئے ہوٹل میں آگ لگ گئی

سوارنا پیلس ہوٹل میں آتش زدگی سے زیرِعلاج 9مریض جل کر جاں بحق یوگئے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 9 اگست 2020 13:25

آندھرا پردیش، مریضوں کے لیے قرنطینہ بنائے گئے ہوٹل میں آگ لگ گئی
وجے واڈا (اردوپوائنت اخبار تازہ ترین۔ 09اگست2020ء) : آندھرا پردیش، مریضوں کے لیے قرنطینہ بنائے گئے ہوٹل میں آگ لگ گئی، سوارنا پیلس ہوٹل میں آتش زدگی سے زیرِعلاج 9مریض جل کر جاں بحق یوگئے، تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وجے واڈا میں واقع ہوٹل میں آگ لگنے سے9 کورونا مریض ہلاک ہو گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وجے واڈا کے جس ہوٹل سوارنا پیلس میں آگ لگی ہے اسے کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے قرنطینہ بنایا گیا تھا۔

بدقسمت ہوٹل میں آگ لگنے کا سانحہ پیش آنے کے وقت 30 کورونا وائرس کے مریض زیرِ علاج تھے۔ آگ ہوٹل کے گراؤنڈ فلور پر لگی جس نے پہلے پہلی منزل، پھر دوسرے فلور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے، آندھرا پردیش حکومت نے ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ تھمنے کا نام نہیں لے رہا اور ایک ارب 35 کروڑ سے زائد کی آبادی والے ملک میں مجموعی طور پر 21 لاکھ 53 ہزار افراد وائرس کا شکار بن چکے ہیں۔

ہندوستان میں ایک دن میں دوسری بار کورونا وائرس کے ریکارڈ تقریبا 61 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ہندوستانی میڈیا نے ہفتہ کے روز وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہی دن میں کورونا وائرس میں مزید 61 ہزار537 افراد مبتلا ہوئے جس سے کورونا کیسز کی تعداد بڑھ کر21 لاکھ 53 ہزار611 ہو گئی ہے اور مزید886 افراد کی ہلاکت کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد42 ہزار518 تک جا پہنچی .ہندوستان میں کورونا سے صحت یابی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 900 افراد کے شفایاب ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 14 لاکھ 87 ہزار 5 ہو گئی ہے۔