نسیم شاہ کو نیا نام ’’للی شاہ‘‘مل گیا

اچھی لائن و لینتھ، ردھم ، رفتار اورسابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر ڈینس للی کے ایکشن سے مشابہت کے باعث ساتھی کھلاڑی 17 سالہ پیسر کو ‘‘للی شاہ’’ کہنے لگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 9 اگست 2020 14:13

نسیم شاہ کو نیا نام ’’للی شاہ‘‘مل گیا
مانچسٹر (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اگست 2020ء ) پاکستانی نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو انگلینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران نیا نام مل گیا ۔باؤلنگ کے دوران اچھی لائن و لینتھ، ردھم ، رفتار اورسابق آسٹریلین فاسٹ باؤلر ڈینس للی کے ایکشن سے مشابہت کے باعث ساتھی کھلاڑی 17 سالہ پیسر کو ‘‘للی شاہ’’ پکارنے لگے جس پر شائقین نے بھی خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔

 یاد رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔ پاکستان نے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا تھا جو میزبان ٹیم نے 7 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز نے پراعتماد انداز میں اننگز شروع کی اور ابتدائی 11 اوورز تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

(جاری ہے)

تاہم 12ویں اوور کی پہلی گیند پر رورے برنز محمد عباس کی گیند کو سمجھنے میں ناکام رہے اور ایل بی ڈبلیو کی صورت میں پویلین لوٹ گئے۔ 22 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد ڈوم سبلی کا ساتھ دینے جو روٹ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 86 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈوم سبلی 36 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کا شکار بنے۔

اس کے بعد پاکستان نے وقفے وقفے سے مزید تین وکٹیں حاصل کرکے میچ میں واپسی کی اور جو روٹ، بین سٹوکس اور اولی پوپ بالترتیب 42، 9 اور 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم جوز بٹلر اور کرس ووکس نے اس موقع پر لڑکھڑاتی ٹیم کو بھرپور سہارا دیا اور 139 رنز کی انتہائی اہم شراکت قائم کی۔ جوز بٹلر 75 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر یاسر شاہ کا شکار بنے لیکن کرس ووکس نے عمدہ کھیل جاری رکھا اور 120 گیندوں میں 84 رنز ناٹ آؤٹ کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو کامیابی دلادی۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ نے 4 وکٹیں حاصل کی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد عباس اور نسیم شاہ ایک، ایک وکٹ حاصل کر پائے۔ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پر کرس ووکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :