سعودی عرب کا تیسرا طیارہ امدادی سامان کے ساتھ بیروت پہنچ گیا

طیارے کے ہمراہ شاہ سلمان مرکز کی خصوصی ٹیم بھی موجود، امدادی سامان کی تقسیم کی کارروائی کی نگرانی کرے گی

اتوار 9 اگست 2020 14:45

سعودی عرب کا تیسرا طیارہ امدادی سامان کے ساتھ بیروت پہنچ گیا
بیروت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) بیروت دھماکے کے بعد شاہ سلمان امدادی مرکز کے زیر انتظام تیسرا طیارہ انسانی امداد لے کر بیروت کے رفیق حریری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق طیارے کے ہمراہ شاہ سلمان مرکز کی خصوصی ٹیم بھی موجود ہے جو امدادی سامان کی تقسیم کی کارروائی کی نگرانی کرے گی۔ اس سے قبل دو سعودی طیارے 120 ٹن سے زیادہ امدادی سامان لے کر بیروت روانہ ہوئے تھے۔

خادم حرمین کی ہدایات میں سعودی عرب اور لبنان کے درمیان امداد کی ترسیل کے لیے فضائی پل قائم کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔اس حوالے سے شاہ سلمان امدادی مرکز کے مشیر ڈاکٹر علی بن حامد الغامدی نے واضح کیا کہ تیسرے امدادی طیارے کے سامان میں وینٹی لیٹر مشینیں، انتہائی طبی نگہداشت کے یونٹوں کے لیے خصوصی آلات، برقی انٹرا وینس پمپس، ایمجرنسی کے شعبے کے لوازمات، متعدد اینٹی بائیوٹکس، دافع درد دوائیں، جراثیم کش مواد، حفاظتی ماسک، انٹرا وینس محلول، پمپنگ ٹیوبز، متعدد طبی ساز و سامان اور لوازمات، خیمے، گدے، کمبل، کھانا پکانے کے لوازمات اور مختلف نوعیت کے برتن شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الغامدی کے مطابق سعودی عرب اور لبنان کے درمیان فضائی پل قائم کیے جانے کے بعد سے اب تک 200 ٹن سے زیادہ امدادی سامان بیروت پہنچایا جا چکا ہے۔