ہندوستان کنٹرول لائن پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر بدترین جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، عالمی برادری نوٹس لے ، سر دار عتیق

نریندمودی ہٹلر کی شکل اختیار کر کے پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرات پیدا کررہا ہے، سابق وزیراعظم کی گفتگو

اتوار 9 اگست 2020 14:45

مظفرآباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ ہندوستان کنٹرول لائن پر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا کر بدترین جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، اقوام متحدہ کو اس صورتحال کا نوٹس لے کر ہندوستان کو غیرانسانی حرکات سے باز رکھنا چاہیے۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز مجاہدمنزل میں کنٹرول لائن کی تازہ صورتحال کے حوالہ سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نریندمودی ہٹلر کی شکل اختیار کر کے پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرات پیدا کررہا ہے۔ ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں پرظالمانہ تشدد اور قتل عام جاری ہے تو دوسری طرف کنٹرول لائن پر بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارت کنٹرول لائن پر فائرنگ کر کے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت یہ خطہ تین ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی کا مرکز بن چکا ہے۔

اقوام متحدہ کو ایسی صورتحال میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہندوستان اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو کنٹرول لائن کا آزادانہ دورہ کرنے کی اجازت نہیں دے رہا جس کا مقصد اپنے جرائم کو چھپانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام جرات اور بہادری کے ساتھ ساری صورتحال کا مقابلہ کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان اچھے ہتھکنڈوں سے تحریک آزاد کو دبانے میں کامیاب نہیں ہوسکے گا۔