بلوچستان حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کر دیا

صوبے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز کسی پابندی کے بغیر کھلی رہیں گے: نوٹیفکیشن جاری

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 9 اگست 2020 15:39

بلوچستان حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کر دیا
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09اگست2020ء) : بلوچستان حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کر دیا، حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں تمام دکانیں اور کاروباری مراکز کسی پابندی کے بغیر کھلی رہیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وبا کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس 10 اگست سے کھول دیے جائیں گے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ 7ستمبر کو آخری ریویو کریں گے۔ میرج ہالز کو 15 ستمبرسے کھولا جارہا ہے۔ وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا کہ ریسٹورنٹس میں باہر اور اندر بیٹھنے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

ہوٹلز بھی شادی کے فنکشن کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ریسٹورنٹس کو ایس او پیز کے تحت پیر سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔

سینما، تھیٹرز اور پبلک پارکس کو 10اگست سے کھول دیا جائے گا۔ جمز اور کلب کو بھی 10اگست سے کھولنے کی اجازت ہوگی۔ روڈ ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جارہا ہے۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی صوبے میں تمام کاروبار 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شادی ہالز اور اسکولز بدستور بند رہیں گے جب کہ تمام کاروباری سرگرمیاں ایس او پی کےتحت بحال کی جائیں گی۔

سندھ حکومت کے مطابق کے مطابق کاروبار بھی شام 7 بجے کے بجائے رات 9 بجے تک کھلے کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس دوران سینما ہالز، بیوٹی پارلرز، ہيلتھ کلبز اور جمز بھی 10 اگست کو کھل جائيں گے، تاہم تفریحی پارکس ابھی نہیں کھول رہے۔ پبلک مقامات کھلنے پر انتظامیہ نے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت بھی جاری کردی ہیں، جب کہ محکمہ داخلہ سندھ اس سے متعلق نوٹی فیکیشن جاری کرے گا۔