نئی ٹیسٹ رینکنگ، محمد عباس ٹاپ 10 بائولرز کی فہرست میں شامل

شان مسعود نے کیریئر کی بہترین 19 ویں پوزیشن حاصل کرلی، یاسر شاہ کی بھی 2 درجے ترقی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 9 اگست 2020 15:43

نئی ٹیسٹ رینکنگ، محمد عباس ٹاپ 10 بائولرز کی فہرست میں شامل
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اگست 2020ء ) مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف بہترین بائولنگ کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی پیسر محمد عباس انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے ہیں ۔محمد عباس اب 769 رینکنگ پوائنٹس لیکر آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ کے ساتھ مشترکہ طور پر دسویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔

مانچسٹر ٹیسٹ میں 8 وکٹیں لینے والے لیگ سپنر یاسر شاہ تازہ ترین درجہ بندی میں 2 درجے ترقی کے ساتھ 22 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔30 سالہ فاسٹ بائولر نے دونوں اننگز میں بالترتیب 33 رنز کے عوض 2 اور 36 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ،۔انہوں نے پہلی اننگز میں ڈوم سیبلی اور بین سٹوکس کی وکٹ حاصل کی جبکہ دوسری اننگز میں روری برنز کو پوویلین واپس بھیجا۔

(جاری ہے)

قومی اوپنر شان مسعود نے اپنے کیریئر کی بہترین درجہ بندی بھی حاصل کرلی ، وہ 14 درجے ترقی پاکر کیریئر کی بہترین 19 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

دوسری جانب مانچسٹر ٹیسٹ کے مین آف دی میچ کرس ووکس آل راؤنڈر رینکنگ میں نمبر 7 پر آ گئے ہیں جب کہ سٹورٹ براڈ نے نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی سے 10 ویں پوزیشن چھین لی ہے۔