سندھ حکومت کا تمام کاروبار 10اگست سے کھولنے کا فیصلہ

مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس 10 اگست سے کھول دیے جائیں گے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 9 اگست 2020 16:40

سندھ حکومت کا تمام کاروبار 10اگست سے کھولنے کا فیصلہ
کراچی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09اگست2020ء) : سندھ حکومت کا تمام کاروبار 10اگست سے کھولنے کا فیصلہ، مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس 10 اگست سے کھول دیے جائیں گے، تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے صوبے میں تمام کاروبار 10 اگست سے کھولنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شادی ہالز اور اسکولز بدستور بند رہیں گے جب کہ تمام کاروباری سرگرمیاں ایس او پی کےتحت بحال کی جائیں گی۔

سندھ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھرمیں ریسٹورنٹس، سینماہالز، جمز، مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ وغیرہ کھول دی جائے گی۔ 10اگست سے کراچی سمیت صوبے بھر کے ريسٹورنٹس پر رات 10 بجے تک ڈائننگ کی اجازت ہوگی۔ بیوٹی پارلرز، ہيلتھ کلبز بھی 10 اگست کو کھل جائیں گے، تاہم تفریحی پارکس ابھی نہیں کھول رہے۔

(جاری ہے)

پبلک مقامات کھلنے پر انتظامیہ نے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت بھی جاری کردی ہیں، جب کہ محکمہ داخلہ سندھ اس سے متعلق نوٹی فیکیشن جاری کرے گا۔

دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ اگر کرونا کیسزبڑھ گئے تو فیصلوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں اور جو شعبے کھول رہے ہیں وہ بند کرنے پرغور کرسکتے ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اس حوالے سے ضابطہ کار جاری کرے گی، ایڈیشنل ہوم سیکریٹری اس پرکام کر رہے ہیں۔ تعلیمی اداروں کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ حالات بہترہوئے تو اسکول بھی 15 ستمبرکو کھول دے جائیں گے تاہم اگر کرونا کیسزبڑھ گئے تو فیصلوں پر نظرثانی کرسکتے ہیں، ہمارا 90 فیصد اتفاق ہے کہ چیزیں ایس او پیز کے تحت کھولنی ہیں۔

قومی رابطہ کمیٹی نے 15 ستمبر سے اسکول اور شادی ہالز کھولنے کی تاریخ دی ہے، ہم بھی اسکول ، ریسٹورنٹ، درگاہیں اور کاروباری سرگرمیاں کھولیں گے اور جو بھی خدمات کھولیں گے وہ ایس او پیز کے تحت ہوں گی۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسد عمر نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وبا کے حوالے سے کافی بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے مارکیٹس، مالز، پبلک ٹرانسپورٹ، ریسٹورنٹس، سینما گھر، تھیٹرز، جمز اور پبلک پارکس 10 اگست سے کھول دیے جائیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھولے جائیں گے۔ 7ستمبر کو آخری ریویو کریں گے۔ میرج ہالز کو 15 ستمبرسے کھولا جارہا ہے۔