بین سٹوکس خاندانی مسائل کے باعث پاکستان کیخلاف بقیہ دو ٹیسٹ میچز سے باہرہوگئے

برطانوی آل رائونڈر رواں ہفتے نیوزی لینڈ روانہ ہوجائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 9 اگست 2020 18:06

بین سٹوکس خاندانی مسائل کے باعث پاکستان کیخلاف بقیہ دو ٹیسٹ میچز سے ..
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9اگست 2020ء ) انگلینڈ کے آل راؤنڈر بین سٹوکس خاندانی وجوہات کی بنا پر پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بقیہ دو میچز سے باہر ہوگئے ہیں -بین سٹوکس رواں ہفتے کے آخر میں برطانیہ سے نیوزی لینڈ کے لیے روانہ ہوں گے ۔ وہ 13 اگست اور 21 اگست کو ایجیس بائول میں شیڈول بقیہ دو ٹیسٹ میچز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

بین سٹوکس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میں جو روٹ کی عدم موجودگی میں ٹیم کی قیادت کی اور دوسرے ٹیسٹ میں سنچری اور نصف سنچری سکور کی جب کہ سیریز میں 11 وکٹیں بھی حاصل کیں ۔بین سٹوکس کے والد گیڈ کو انگلینڈ کے موسم سرما کے دورے کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے کچھ دن پہلے ہی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اس کے بعد وہ نیوزی لینڈ میں وطن واپس پہنچے تھے۔خیال رہے کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔ پاکستان کی جانب سے دیاجانیوالا 277 رنز کا ہدف انگلینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا، کرس ووکس اور جوز بٹلر نے شاندار نصف سنچریاں سکور کرکے جیت میں اہم کردار ادا کیا۔