ہریانہ: پاکستانی رہنما کی تقریر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پرکشمیری نوجوان گرفتار

اتوار 9 اگست 2020 18:40

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2020ء) بھارتی ریاست ہریانہ میں پولیس نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ایک نوجوان محمد قذافی کو اپنے وٹس ایپ پر پاکستان کے ایک رہنما کی کشمیر کے بارے میں تقریر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کی پاداش میں گرفتار کر لیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ضلع کپواڑہ کے رہائشی محمد قذافی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ A-153کے تحت ناقابل ضمانت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مذکورہ دفعہ کے تحت تین برس تک قید کی سزا دی جاسکتی ہے۔ نوجوان کے خلاف دائر کی گئی ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ ملزم کی شیئرکردہ وٹس ایپ ویڈیو میں ایک پاکستانی رہنما کی تقریر موجود ہے جس میں وہ کشمیر کی آزادی کی بات ،شہید کشمیری نوجوان رہنما برہان وانی کی تعریف جبکہ بھارتی فوجی کی توہین کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر پنجاب اور ہریانہ کی ہائیکورٹ کے وکیل انکت گریوال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نوجوان کے خلاف ایف آئی آر عدالت میں ٹھہر نہیں سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر اور گرفتاری اس صورت میں درست ہوتی جب نوجوان کی ویڈیو سے عوام کے اندر کسی حد تک غم وغصہ پھیل جاتایا کسی بھی شکل میں نفرت پیدا ہوتی اور تشدد پھیل جاتا۔وکیل نے مزید کہاکہ جس قانون کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے وہ نوآبادیاتی طرز کا ہے جس کا استعمال صرف اس ملک میں اختلاف رائے اوراظہار رائے کی آزادی کو دبانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔