بنوں ،ڈکیتی وارداتوں میں اضافے ،انتظامیہ کاغیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر نے پر تاجرو ں کاانتظامیہ کو ٹیکس نہ دینے ،واپڈا کیخلاف لوڈ شیڈنگ کرنے پر سوشل بائیکاٹ کا اعلان

بنوں کوہاٹ روڈ پر تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ پولیس اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی

اتوار 9 اگست 2020 19:45

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) بنوں میں ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافے اور انتظامیہ کی طرف سے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر نے پر بنوں کے تاجرو ں نے انتظامیہ کو ٹیکس نہ دینے اور واپڈا کے خلاف لوڈ شیڈنگ کرنے پر سوشل بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ، بنوں کوہاٹ روڈ پر تاجروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے انتظامیہ پولیس اور واپڈا کے خلاف شدید نعرے بازی کی ، مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیمبر آف کامرس کے صدر شاہ وزیر ، جنرل سیکرٹری غلام قیباز خان ، پروپرٹی ڈیلر ایسو سی ایشن کے صدر میاں اسحاق علی شاہ ، آٹا اینڈ گھی ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر ملک ناصر خان و دیگر کا کہنا تھا کہ تاجروں کے جان و مال کے عدم تحفظ کی صورت میں صورت ضروری ہے کہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے سے بائیکاٹ کیا جائے اور ٹیکس نہ دی جائے کیونکہ آ ئے روز تاجروں کو لوٹا جا رہا ہے اور پولیس غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے چار ماہ ہوگئے ہیں کہ ہم نے تحریک شروع کی ہے ہمارے تاجر سے دن دیہاڑے 32 لاکھ روپے لے اڑے تھے ہمیں شک ہے کہ پولیس اس کے پیچھے کھڑی ہے کیونکہ ابھی تک ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا ہے انتظامیہ کو جو شخص مطلوب ہو تو وہ بیرون ملک سے بھی پیدا کر تے ہیں لیکن ہمارے ڈکیت یہاں پر موجو د ہیں لیکن پولیس کا کردار مشکوک ہے یا تو تھانہ جات ختم کئے جائیں اور یا ڈکیت گرفتار کئے جائیں اُنہوں نے کہا کہ تاجروں کو لٹنے میں اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی اور آئے روز تاجروں کو ناجائز جرمانہ کر رہی ہے جب ہم احتجاج کرتے ہیں تو اگلے روز اسسٹنٹ کمشنر ہمارے پاس آکر ہمیں بلا وجہ جرمانہ کر رہے ہیں تاجروں نے حلال فوڈ آتھارٹی کو بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا مظاہرین نے بجلی لوڈ شیڈنگ پر اے سی واپڈا کے خلاف شدید احتجاج کیا اور واپڈا کا سوشل بائیکاٹ کا اعلان کیا اسی طرح وکلاء اور واپڈا کے درمیان معاملہ میں بھی وکلاء کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان کیا مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ 13اگست کتک ڈیڈ لائن دیتے ہیں اگر ڈکیت کو گرفتار نہ کیا گیا اور انتظامیہ کے آفسران نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو اگلے روز احتجاجی ریلی اور دکانات بند کردیں گے ،اس موقع پر صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد خان مظاہرین کے پاس آ ئے اور اُن کے تمام مطالبات غور سے سنے اور کہا کہ وہ صوبائی سطح پر ان مطالبات پر اقدام اُٹھائیں گے اوروزیر اعلیٰ کے نوٹس میں لائیں گے۔