اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکرپاکستان پہنچ گئے

وولکن بوزکر پاکستان میں وزیراعظم، وزیر خارجہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن علاقائی امن و استحکام، ترقی اور انسانی حقوق کے معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 9 اگست 2020 22:49

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکرپاکستان پہنچ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 اگست 2020ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر پاکستان پہنچ گئے، وولکن بوزکر پاکستان میں وزیراعظم، وزیر خارجہ اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن علاقائی امن و استحکام، ترقی اور انسانی حقوق کے معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر اعلیٰ حکام نے وولکن بوزکر کا استقبال کیا۔ نومنتخب صدر وولکن بوزکر پاکستان کی دعوت پر دورہ کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نومنتخب صدر وولکن بوزکر دورہ پاکستان میں وزیراعظم عمران خان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

(جاری ہے)

ملاقاتوں میں خطے میں امن واستحکام، ترقی اور انسانی حقوق کے معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جنرل اسمبلی کے صدر کا دورہ عالمی امن و سلامتی پاکستان اور اقوام متحدہ کے اشتراک اور کاوشوں کو اجاگر کرنے کا اہم موقع ہے۔ وولکن بوزکر پہلے ترک شہری ہیں جو جنرل اسمبلی کی صدارت کے لیے منتخب ہوئے وولکن بوزکر اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والے جنرل اسمبلی کے تاریخی اجلاس کی صدارت کریں گے ، پاکستان عالمی امن و سلامتی، معاشی و معاشرتی ترقی انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ، عالمی تنازعات کے پرامن حل، طاقت کے استعمال سے پرہیز سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے کردار کی ہمیشہ حمایت کرتا ہے۔

واضح رہے اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے، جس میں مقبوضہ کشمیر ، ایل اوسی کی صورتحال اور افغان امن عمل پر بات چیت کی گئی۔