بجلی کے صارفین بارشوں کے دوران بجلی کے ممکنہ حادثات یا ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں، ترجمان فیسکو

پیر 10 اگست 2020 13:50

بجلی کے صارفین بارشوں کے دوران بجلی کے ممکنہ حادثات یا ناگہانی صورتحال ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترجمان نے کہاہے کہ بجلی کے صارفین بارشوں کے دوران بجلی کے ممکنہ حادثات یا ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں اور کپڑے سکھانے کیلئے دھاتی تار کا ہرگز استعمال نہ کیاجائے کیونکہ اس میں باآسانی کرنٹ آ جاتا ہے بلکہ اس کی جگہ رسی یا ڈوری کو استعمال میں لائیں۔

اسی طرح بجلی کی استری ، واشنگ مشین ، ریفریجریٹر، پانی کی موٹروں اوردیگر برقی آلات کے استعمال کیلئے تین پنوں والے شو کا استعمال کریں اور ان چیزوںکو باقاعدہ ارتھ کروائیںاور اگر بجلی کی وائرنگ میں کسی بھی قسم کا نقص ہو تو اس کو فوراًدرست کروائیں۔ اس کے علاوہ کپڑے استری کرتے وقت پیروں تلے خشک کپڑا، کمبل ، قالین کا ٹکڑایا لکٹری کا ٹکڑا رکھیں اور ربڑ سول کی چپل کا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صارفین ہاتھ، کپڑے یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے سوئچ، تار اور آلات کو ہرگز نہ چھوئیں۔ بجلی کے کھمبوں اور ان کو سہارا دینے والی تاروں کے ساتھ اور نہ ہی ہائی ٹینشن تاروں کے نیچے مویشی باندھیں کیونکہ اس سے کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔ اگر کسی کھمبے ، سٹرکچر گھریلو وائرنگ یا دیوار میں کرنٹ آجائے یا کسی وجہ سے بجلی کی لائنوں سے کوئی تار ٹوٹ کر نیچے گر جائے تو اس کی فوری اطلاع نزدیکی فیسکو کسٹمر سروسز سنٹر ، سب ڈویژنل آفس یا فیسکو ایمرجنسی نمبر118پر دیں تا کہ اس کا فوری طور پر سد باب کیا جاسکے اور بجلی کے عملے کے پہنچنے تک نہ تو خود کرنٹ زدہ کھمبے کو چھوئیں اور نہ ہی کسی کو اس کے قریب جانے دیں ۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ فیسکو کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر عمل کریں تا کہ وہ کسی بھی قسم کے حادثہ سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل فراہمی کے ساتھ ساتھ عوام کو بجلی کے ممکنہ حادثات سے بچانا بھی فیسکو کے فرائض میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :