وزیراعظم کے 16 مشیروں کی تقرریوں کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور

لاہورہائیکورٹ کی جانب سے وفاقی حکومت، مشیروں سے جواب طلب، تقرری کے طریقہ کار اور ملکی خدمات سے متعلق جواب جمع کروایا جائے، عام زندگی گزارنے کیلئے شناخت کا ہونا ضروری ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاسم خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 اگست 2020 13:13

وزیراعظم کے 16 مشیروں کی تقرریوں کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست 2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے 16 مشیروں کی تقرریوں کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی،عدالت نے وفاقی حکومت، مشیروں سے جواب طلب کرلیا ،عدالت کوتقرری کے طریقہ کار اور ملک کی خدمات سے متعلق بتایا جائے،چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کہ عام زندگی گزارنے کیلئے شناخت کا ہونا ضروری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعظم کے 16 مشیروں کی تقرریوں کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے۔

عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔عدالت نے مشیروں کو بھی نوٹس جاری کردیے کہ وہ خود پیش ہوں یا پھر وکیل کے ذریعے جواب جمع کروائیں۔تقرری کے طریقہ کار اور ملک کی خدمات سے متعلق جواب جمع کروایا جائے۔

(جاری ہے)

عدالت نے درخواستگزار کو درخواست میں ترامیم کی ہدایت بھی کیں۔اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا۔

وفاقی وکیل نے کہا کہ اورسیز پاکستانی ملک کی بے پناہ خدمت کررہے ہیں۔جس پرلاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قاسم خان نے کہا کہ یہاں المیہ ہے کہ بڑا آدمی جاتے ہوئے سب کچھ ساتھ لے جاتا ہے۔عام زندگی گزارنے کیلئے شناخت کا ہونا ضروری ہے۔عدالت نے کہاکہ حکومت کے ملازمین کو خصوصی اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ہرمعاملے پر اختیار رکھتے ہیں؟ جس پر وفاقی وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اسی نوعیت کی درخواست کو مسترد کی ہے۔

میں نے عدالت کی قانون کے مطابق معاونت کرنی ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ سمجھیں اگر حکومت کا کیس درست نہیں تو کیس سے علیحدگی اختیار کرلیں۔ واضح رہے اس سے قبل دوہری شہریت والے مشیروں کی تقرری کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی تھی۔ جس پر عدالت نے درخواست مسترد کردی تھی۔