اقلیتی برادریوں کے ارکان پاکستان کی ترقی میں قابل فخر کردار ادا کر رہے ہیں، ب

رطانوی کائونٹی واروک شائر کے قصبے رگبی کے سابق میئر کونسلر ڈاکٹر جیمز شیرا کا اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر بیان

پیر 10 اگست 2020 14:13

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) برطانوی کائونٹی واروک شائر کے قصبے رگبی کے سابق میئر کونسلر ڈاکٹر جیمز شیرا نے کہا ہے کہ اقلیتی برادریوں کے ارکان پاکستان کی ترقی میں قابل فخر کردار ادا کر رہے ہیں، 11 اگست کو اقلیتوں کا قومی دن ہمیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے قانون ساز اسمبلی سے تاریخی خطاب کی یاد دلاتا ہے، یہ دن ہمیں یہ موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم قائد اعظم کے اس تاریخی خطاب کی روشنی میں ملک میں اقلیتوں کی موجودہ صورتحال خاص طور سے ان کے بنیادی حقوق، تحفظ، احترام اور ان کو حاصل آزادیوں کا جائزہ لیں۔

اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر جیمز شیرا نے کہا کہ بانی پاکستان نے گیارہ اگست 1947کو قانون ساز اسمبلی سے اپنے خطاب میں کہا تھا’’ آپ آزاد ہیں، آپ اپنی عبادت گاہوں میں جانے کے لئے آزاد ہیں، آپ اس ریاست پاکستان میں اپنی مساجد یا کسی بھی عبادت گاہ میں جانے کے لئے آزاد ہیں۔

(جاری ہے)

ریاست کا اس سے کوئی سروکار نہیں کہ آپ کا تعلق کس مذہب، کس قوم یا کس نسل سے ہے۔

پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن قائد اعظم کے ان وعدوں کی یاد میں اور پاکستان کے لئے اقلیتوں کی خدمات اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔ سابق وفاقی وزیر برائے اقلتی امور شہباز بھٹی کی کوششوں کے نتیجہ میں 2009 میں 11 اگست کو اقلیتوں کے قومی دن کے طور پر منانے کی منظوری دی گئی۔ ڈاکٹر جیمز شیرا نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برادریوں کے ارکان مسلح افواج، سول سروس اور تعلیم اور صحت اور عدلیہ کے شعبوں میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہے ہیں جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔

قومی تعمیر و ترقی میں اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے ہیروز بشمول جوگندر ناتھ منڈل، گروپ کیپٹن سیسل چوہدری، بریگیڈیئر (ر) سائمن سہارف، جسٹس بھگوان داس، جسٹس رابرٹ کارنیلئس، سسٹر رتھ لیوس، اور موجودہ ہیرو بشمول ڈاکٹر پیٹر جانسن ڈیوڈ اور ندیب گل کا قابل فخر کردار اس بات کا ثبوت ہے کہ اقلیتیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تخشص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

عیسائی تعلیمی ادارے بھی پاکستانی طلبہ کی تعلیم کے ذریعے کئی عشروں سے بلا امتیاز رنگ، نسل اور مذہب پاکستانی قوم کے لئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ ان تعلیمی اداروں نے کاروبار، تجارت، سائنسی علوم اور فنون کے شعبوں میں کئی رہنما پیدا کر کے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتون کو اپنے مکمل حقوق کے حصول کے لئے ابھی طویل جدو جہد کرنا ہو گی۔

برطانیہ میں پاکستانی اقلیتی رہنمائوں بشمول مائیکل میسی، ڈاکٹر پیٹر جانسن ڈیوڈ، ڈاکٹر نوشابہ خلجی، کونسلر مورس جانسن، ایڈووکیٹ قمر شمس، ریورنڈ جان بوسکو اور قمر رفیق نے ڈاکٹر جیمز شیرا کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کی مذہبی آزادیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔