جھنڈوں ، جھنڈیوں ، سٹیکروں اور یوم آزادی کے حوالے سے تیار کی گئی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

پیر 10 اگست 2020 14:32

جھنڈوں ، جھنڈیوں ، سٹیکروں اور یوم آزادی کے حوالے سے تیار کی گئی دیگر ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) کورونا وائرس سے پیدا شدہ صورتحال، مہنگائی اور عیدپر اضافی اخراجات نے جہاں عام آدمی کی قوت خرید کو ختم کر کے رکھ دیا ہے وہیں اس بار جھنڈوں ، جھنڈیوں ، سٹیکروں اور یوم آزادی کے حوالے سے تیار کی گئی دیگر اشیاء کی قیمتوں میں زبردست اضافہ سے جشن آزادی کی رونقیںابھی تک ما ضی کی طرح دوبالا نہ ہو سکی ہیں جبکہ فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں سینکڑوں کی تعداد میں جشن آزادی کی اشیاء کی فروخت کیلئے لگائے گئے سٹالز بھی تاحال حقیقی رونق سے محروم ہیں ۔

مارکیٹس کے سروے کے دوران معلوم ہوا کہ سٹیشنری، کلاتھ پرنٹنگ،خام مال، بجلی ، گیس ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ناجائز منافع خوروں کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو پر لگانے کے بعد عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے ۔

(جاری ہے)

اگرچہ وہ جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہونا چاہتے ہیں تاہم جھنڈوں ، جھنڈیوں ، سٹیکروں کی قیمتوں میں زبردست اضافہ نے ان کے اوسان خطا کر دیئے ہیں ۔

مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد علی الزمان ، صاحبزادہ ذاکر رحمن ، ثاقب علی ، رائو قمر علی خان ، ڈاکٹر محمد شہباز، وحید اختر چوہدری ، یٰسین قریشی ، کلیم اللہ لودھی وغیرہ نے بتایا کہ گذشتہ سال جو جھندا 70سے 100روپے میں ملتا تھا اب اس کی قیمت 250 سے 300روپے کر دی گئی ہے اسی طرح 100جھنڈیوں کا جو پیکٹ پہلے 50روپے میں ملتا تھا اس کی قیمت اب 120سے 150روپے کر دی گئی ہے ۔

ا سی طرح سٹیکرز ، بیجز وغیرہ کی قیمتیں بھی دو گنا کر دی گئی ہیں ۔ بابر بک ڈپو ، عمران بک ڈپو، آصف کتاب گھر ، بک سورس اور دیگر کتب و سٹیشنرز فروخت کنندگان سمیت مختلف مقامات پر لگائے گئے سٹالز ہولڈرز نے بتایا کہ انہیں جن داموں پر لاہوراور فیصل ۱ٓباد سے مال مہیا کیا گیا ہے و ہ اس پر مناسب منافع لے کر مال فروخت کر رہے ہیں تاہم انہوںنے کہا کہ وسائل کی کمی اور مہنگائی کے باعث عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور لوگوں کا جشن آزادی کی اشیاء کی خریداری میں رجحان پہلے کی نسبت کچھ ا کم ہے جس کے باعث سٹالز پربھی پہلے کی طرح رونق نظر نہ آ رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ وہ کئی سالوں سے جشن آزادی کے موقع پر سٹالز لگاتے ہیں لیکن اس سال ابھی چونکہ تین چار دن باقی ہیں اسلیے ابھی وہ رونق موجود نہیں جو گذشتہ سالوں کے دوران ہوتی تھی۔ انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ ایسے تہواروں پر عوام کو خصوصی ریلیف دیا جائے تاکہ وہ بھی ان ایام کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں ۔ دوسری جانب مختلف بازاروں میں والدین کے ساتھ آنے والے بچوںمحمد احسن ، محمد احمد ، محمد خبیب، محمد حامز ، سعدحسن، سلمان عبداللہ، مزمل، عبدالرحمن وغیرہ نے پر جوش انداز میں بتایا کہ مہنگائی جتنی بھی ہو اور حالات جیسے بھی ہوں وہ اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا کر ثابت کریںگے کہ ہم زندہ قوم ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ وطن سے ہماری محبت کا یہ جذبہ ضرور ایک نہ ایک دن پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی اس منزل اور بلندی تک لے جائیگا جس کا خواب بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے دیکھا تھا۔