شاہ عبدالعزیز لائبریری ، منصوبے میں15ہزار بچوں کا اندراج

چلڈرنز بک کلب عمر کے لحاظ سے بچوں کے چار درجوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے،انتظامیہ

پیر 10 اگست 2020 15:26

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اگست2020ء) ریاض میں واقع شاہ عبدالعزیز لائبریری کے منصوبے چلڈرنز بک کلب کے لیے بچوں کی دل چسپی میں اضافہ ہو رہا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اب تک مملکت کی سطح پر 15 ہزار سے زیادہ بچے اس منصوبے میں اپنا اندراج کرا چکے ہیں۔ ان بچوں کو مختلف نوعیت کی کتب ارسال کی جاتی ہیں۔ وہ ان کا مطالعہ کر کے کہانیوں ، افکار اور سائنس و ادب کے میدانوں کی جان کاری حاصل کرتے ہیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق چلڈرنز بک کلب مذکورہ پروگرام میں اندراج کرانے والے ہر بچے کو ایک علامتی سالانہ فیس کے مقابل موزوں کتب فراہم کرتا ہے۔ یہ کلب بچے کی عمر کے لحاظ سے اسے 24 کتابیں 12کتب کہانیوں کی اور 12 دیگر نوعیت کی ارسال کرتا ہے۔ بچہ ہر ماہ دو کتابوں کا مطالعہ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کتابوں کے ساتھ ذہنی ، لغوی اور تفریحی سرگرمیاں منسلک ہوتی ہیں۔

علاوہ ازیں والدین کے لیے تربیت سے متعلق مواد بھی شامل ہوتا ہے۔چلڈرنز بک کلب کا مقصد یہ بھی ہے کہ بچوں کی کتابوں تک رسائی میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں اور متعلقہ کلب سے تعلق کے ذریعے بچے کے اندر خود اعتمادی کو بڑھایا جائے۔چلڈرنز بک کلب عمر کے لحاظ سے بچوں کے چار درجوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ پہلا درجہ 2 سے 5 برس کے بچوں پر ، دوسرا درجہ 6 سے 8 برس کے بچوں پر ، تیسرا درجہ 9 سے 12 برس کے بچوں پر اور چوتھا درجہ 13 سے 15 برس کے بچوں پر مشتمل ہے۔

بچوں کو ان کی عمر کے درجے کے لحاظ سے موزوں کتب فراہم کی جاتی ہیں۔ تقسیم کی جانے والی کتابوں کے جائزے کے لیے بچوں کے ادب سے متعلق ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ یہ کمیٹی متن کی صورت، معیار، اسلوب، زبان اور معلومات کی درستی کی جانچ کرتی ہے۔چلڈرنز بک کلب نے ایک رہ نما کتابچہ تیار کیا ہے جس میں 1500 کے قریب عنوانات شامل ہیں۔ یہ عنوانات عرب دنیا میں 80 پبلشنگ ہاسز کی جانب سے شائع کردہ کتابوں پر مشتمل ہیں۔

کتابوں کے موضوعات میں جانوروں کی کہانیوں اور سبق آموز کہانیوں کے علاوہ دینی، عوامی، سائنس فکشن اور تاریخ سے متعلق کہانیاں اور حکایات شامل ہیں۔ علاوہ ازیں کلب میں سیکڑوں ایسی کتب ہیں جو مختلف شعبوں اور میدانوں کے حوالے سے جان کاری فراہم کرتی ہیں۔شاہ عبدالعزیز لائبریری نے چلڈڑنز بک کلب میں معاشرے کے چند طبقات کے لیے چیریٹی سبسکرپشن بھی پیش کی ہے۔

ان میں یتیم اور معذور بچوں کے علاوہ ضرورت مند علاقوں میں سرکاری اسکولوں کے بچے شامل ہیں۔ اس سلسلے میں چلڈرنز کلب سالانہ 100 یتیم بچوں اور 100 معذور بچوں کو سبسکرپشن پیش کرتا ہے۔چلڈرنز کلب اس چیز پر بھی کام کر رہا ہے کہ کتابوں کے برقی ورژن تیار کیے جائیں اور ایک موبائل ایپلی کیشن متعارف کرائی جائے جس میں عمروں کے لحاظ سے تقسیم کی گئی ایک مربوط ڈیجیٹل لائبریری ہو۔شاہ عبدالعزیز لائبریری کا یہ منصوبہ عرب دنیا میں امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :