اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے پودا لگا کر تاجر برادری کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا

تاجر برادری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے، محمد احمد وحید

پیر 10 اگست 2020 16:24

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے پودا لگا کر تاجر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے چیمبر کے احاطے میں پودا لگا کر تاجر برادر ی کی شجرکاری مہم کا آغاز کیا جس کا مقصد اسلام آباد اور پاکستان کو سرسبز وشاداب بنانے کیلئے وزیراعظم پاکستان کے مشن کی تکمیل کی طرف مثبت پیش رفت کرنا ہے۔ چیمبر کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، ملک سہیل حسین، خالد چوہدری، نوید ملک، فہیم خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے پیر کو اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے محمد احمد وحید نے کہا کہ آئی سی سی آئی ملک کا پہلا چیمبر ہے جس نے اسلام آباد میں دس لاکھ درخت لگانے کے لئے گو گرین مہم کا آغاز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پانچ سالوں میں پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر رکھا ہے جبکہ انہوں نے گذشتہ دنوں پودا لگا کر پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ملک میں ایک ہی دن میں 35لاکھ پودے لگائے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیمبر سے شجرکاری مہم کا آغاز تاجر برادری کی طرف سے وزیر اعظم کے اقدام کی بھرپور حمایت کا عکاس ہے۔

محمد احمد وحید نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور وفاقی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ اسلام آباد کے ماحول کو صحت افزا اور اور عوام دوست بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ لگائے گئے پودوں کی مناسب دیکھ بھال کی جائے کیونکہ جانوروں کے کھانے اور دیمک کی وجہ سے پودوں کی بقا کی شرح صرف پچاس فیصد رہ جاری ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے دیگر اداروں اور سول سوسائٹی کے ممبران سے بھی اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اسلام آباد کو ملک کا سرسبزو شادات شہر بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔