کورونا کے خطرات کم ہونے کے بعد کاروبار معمول پر آرہے ہیں، بزنس کمیونٹی کو اپنے نقصانات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ کاروبار کی توسیع کیلئے سٹاک ایکسچینج سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے،رانا محمد سکندر اعظم خان

پیر 10 اگست 2020 16:41

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) : کورونا کے خطرات کم ہونے کے بعد کاروبار معمول پر آرہے ہیں لہٰذا بزنس کمیونٹی کو نہ صرف اپنے نقصانات کو پورا کرنابلکہ کاروبار کو توسیع دینے کیلئے سٹاک ایکسچینج کی سہولت سے بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خان نے ڈارسن سکیورٹیزکے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ڈالر ایسٹ کمپنی کے ممبر ملک دل آویز سے ملاقات کے دوران بتائی۔

انہوں نے کاروبار میں توسیع کیلئے سرمائے کی فراہمی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس سلسلہ میں سٹاک ایکسچینج کی سہولت سے بھر پور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ڈارسن سیکورٹیز کی طرف سے مہیا کی جانے والی سہولتوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ فیصل آباد چیمبر کے ممبران اپنی ضروریا ت کے مطابق ان سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جبکہ یہ کمپنی ان کی مخصوص ضروریات کیلئے انہیں پلان بنا کے بھی دے سکتی ہے۔

(جاری ہے)

سینئر نائب صدر ثاقب مجید نے سونے اور ڈالر کی قدر میں اضافہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ عالمی تجارت کا حصہ ہے اور ہم ان کو کنٹرول نہیں کر سکتے تاہم ہمیں اپنی درآمدات اور برآمدات کے بڑھتے ہوئے فرق کو کم کرنا ہوگا تاکہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کو برقرار رکھا جا سکے۔ ملک دل آویز نے کہا کہ فیصل آباد کو صنعت و تجارت میں کلیدی اہمیت حاصل ہے مگراس وقت یہاں ایس ایم ای سیکٹر کو سرمائے کی قلت کا سامنا ہے تاہم وہ اپنی اس ضرورت کو سٹاک ایکسچینج کے ذریعہ بآسانی پورا کر سکتے ہیں اور اس سلسلہ میں ڈارسن سکیورٹیز اُن کی ہر ممکن راہنمائی اور معاونت کرے گی۔

انہوں نے ڈارسن سکیورٹیز کو اپنے بارے میں مکمل آگاہی دینے کیلئے فیصل آباد چیمبر آنے کی دعوت دینے پر رانا محمد سکندر اعظم خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ملاقات میں خواجہ نوید اور دیگر ممبران ایف سی سی آئی بھی موجود تھے۔