قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایک ہفتے کے اندر حکومت کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے کے لئے تیار ہیں، افغان طالبان

آئندہ 2 روز میں 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوجائے گا ، ترجمان افغان قومی سلامتی کونسل

پیر 10 اگست 2020 16:52

قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایک ہفتے کے اندر حکومت کے ساتھ ..
کابل۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2020ء) افغان طالبان نے کہا ہے کہ وہ طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہونے کے بعد ایک ہفتے کے اندر حکومت کے ساتھ امن مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے بتایا کہ طالبان قیدیوں کی رہائی اور امن مذاکرات کے حوالے سے ہمارا موقف واضح ہے، اگر قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل ہو جاتا ہے تو ہم ایک ہفتے کے اندر حکومت کے ساتھ بین الافغان مذاکرات کے لیے تیار ہیں اور مذاکرات کا پہلا دور قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امن مذاکرات میں طالبان وفد کی قیادت فروری میں امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے معاہدے کے دوران طالبان وفد کے سربراہ عباس ستانک زئی کریں گے۔ قیدیوں کی رہائی کے معاملے سے متعلق افغانستان کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل نے بتایا کہ افغان حکومت آئندہ 2 روز میں 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع کردے گی۔ واضح رہے کہ افغان لویا جرگہ میں سنگین جرائم میں ملوث 400 طالبان قیدیوں کی رہائی کی منظوری دی گئی اور قیدیوں کی رہائی کے معاملے کو امن مذاکرات میں ایک بڑی رکاوٹ سمجھا جارہا تھا۔