مسافر کے فیس ماسک پہننے سے انکار پر طیارے کو منزل بدلنا پڑگئی

مسافر کے ماسک پہننے سے انکار پر میڈرڈ جانے والی پرواز کو مالقہ ایئرپورٹ پر اتار دیا گیا، مسافر سول گارڈ کے حوالے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 10 اگست 2020 23:50

مسافر کے فیس ماسک پہننے سے انکار پر طیارے کو منزل بدلنا پڑگئی
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 اگست2020ء) مسافر کے فیس ماسک پہننے سے انکار پر طیارے کو منزل بدلنا پڑگئی، مسافر کے ماسک پہننے سے انکار پر میڈرڈ جانے والی پرواز کو مالقہ ایئرپورٹ پر اتار دیا گیا، مسافر سول گارڈ کے حوالے، تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا اور پرواز کو میڈرڈ میں مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجے پہنچنا تھا مگر طیارے میں موجود عملے کی جانب سے بار بار کی جانے والی درخواست کے باوجود مسافر کی جانب سے فیس ماسک پہننے سے انکار پر تاخیر کا شکار ہوگئی۔

اس کے بعد پرواز کو مالقہ ایئرپورٹ پر اتارا گیا جہاں مسافر کو سول گارڈ ایجنٹس کے حوالے کیا گیا جس کے بعد پھر وہ پرواز دوبارہ میڈرڈ کی جانب روانہ ہوئی۔ ایئر یوروپا کی پروازوں میں سفر کرنے والے افراد کے لیے فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دیاو گیا ہے جبکہ کمپنی کی جانب سے دیگر احتیاطی اقدامات جیسے بورڈنگ کے دوران سماجی دوری، ہاتھوں کی صفائی کے لیے جیل اور عملے کے تمام افراد کے لیے فیس ماسکس اور دستانوں کے استعمال پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

امریکا میں بھی فیس ماسک کے استعمال سے انکار پر متعدد مسافروں کو طیاروں سے اتارا گیا ہے۔ خیال رہے کہ دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دوکروڑسے تجاوز کرگئی ہے جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک 7 لاکھ34 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ پیرکو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد20026186 تک پہنچ گئی ہے جبکہ فعال مریضوں کی تعداد6391505 ہے، دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک734020 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کے اعتبار سے امریکہ دنیا بھر میں پہلے، برازیل دوسرے اور بھارت تیسرے نمبر پر ہے جبکہ اموات کے اعداد و شمار میں امریکہ پہلے، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے نمبر پر ہے۔