قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نے قوم سے حوصلہ افزائی کی اپیل کردی

پاکستان نے اولڈ ٹریفورڈ میں انگلینڈ کے خلاف بہت اچھی کرکٹ کھیلی، ہیڈ کوچ مصباح الحق کی گفتگو

منگل 11 اگست 2020 01:25

اولڈ ٹریفورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2020ء) قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق نے قوم سے حوصلہ افزائی کی اپیل کردی۔ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں ناکامی پر مداحوں کی طرح ہم بھی دل شکستہ ہیں مگر اسے ہی کرکٹ کہتے ہیں، پی سی بی کی طرف سے جاری کی جانے والی تحریر میں انہوں نے کہا کہ فتح اور شکست کے درمیان بہت معمولی سا فرق ہوتا ہے اور ہار کے بعد خود کو کوسنا بھی بہت آسان ہوتا ہے، مگر ہمیں یہ ضرور یاد رکھنا چاہیے کہ اکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی اور میچ کے آخری سیشن کے علاوہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس ٹیسٹ میچ گرفت برقرار رکھی۔

(جاری ہے)

مصباح الحق نے کہا کہ یقینا ہمیں اپنے کھیل میں 10سے 15فیصد مزید بہتری لانے اور دبائو میں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے، مگر ناامید ہونے کی ضرورت نہیں، مایوسی ضرور ہے مگر ہمیں اسے اپنے ذہنوں پر طاری نہیں رکھنا ورنہ واپسی مشکل ہوگی اور پلیئرز بھی بھروسہ ہے کہ وہ ابھی واپس آسکتے ہیں، قوم ہمیں سپورٹ کرے۔