جن گاڑیوں سے پتھرائو ہوا ان کی فوٹیجز موجود ہیں ،محکمہ ایکسائز سے تفصیلات مانگ لی ہیں‘ راجہ بشارت

مریم نواز کی نیب میں پیشی پر پنجاب بھر سے کارکنان کو ساتھ لانا ایک سوچی سمجھی سکیم ہے‘ وزیر قانون پنجاب

منگل 11 اگست 2020 16:29

جن گاڑیوں سے پتھرائو ہوا ان کی فوٹیجز موجود ہیں ،محکمہ ایکسائز سے تفصیلات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2020ء) صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ مریم نواز کی نیب میں پیشی پر پنجاب بھر سے کارکنان کو ساتھ لانا ایک سوچی سمجھی سکیم ہے،مسلم لیگ (ن) کا وطیرہ ہے کہ جب جب ان کا احتساب ہوا انہوں نے واویلا مچایا،(ن) لیگ نیب اور اداروں کے خلاف زہر اگلنے کی حد پہلے ہی پار کرچکی تھی اب مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کیلئے پتھراو بھی کرڈالا۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں راجہ بشارت نے کہا کہ ہمارے پاس ان تمام گاڑیوں کی فوٹیجز موجود ہیں جن سے پتھرائو ہوا،ہم نے محکمہ ایکسائز سے ان گاڑیوں کی تفصیلات مانگ لی ہیں،پتھراو کرنے والی گاڑیوں اور افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کسی کی جاگیر نہیں کہ کوئی بھی اٹھے اور یہاں دہشت پھیلانا شروع کردے،عدالتوں میں قافلوں کی صورت میں آنا اور اپنے جرائم پر غرور کرنا (ن)لیگ کی سیاست کا حصہ ہے،پنجاب حکومت کسی صورت یہ برداشت نہیں کرے گی کہ شہر میں سرکاری یا نجی املاک کو مجرموں کی وجہ سے نقصان پہنچے۔