نااہلی اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی تیز، ایف بی آر نے مزید 10 افسران کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا

منگل 11 اگست 2020 16:31

نااہلی اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی تیز، ایف بی آر نے مزید 10 افسران ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2020ء)فیڈرل بورڈآف ریونیو(ایف بی آر) نے نااہلی اور بدعنوانی کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے مزید 10 افسران کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر معطل کر دیا ، معطل ہونے والے کسٹمز کے 10 افسران میں 7 انسپکٹرز، 2سپرانٹنڈنٹ اور ایک اپریزنگ افسر شامل ہے۔ جولائی 2020ء سے شروع ہونے والے اس ایکشن میں اب تک 36 افسران اور 19 اہلکاروں کو معطل اور 3 اہلکاروں کو بر طرف کیا جا چکا ہے۔

ایف بی آر کے ترجمان نے یہاں جاری ہونے والے بیان میں ایف بی آر کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ادارے میں شفافیت لانے کے لئے ادارے کو بد عنوان اور نا اہل عناصر سے پاک کیا جائے گا۔کسی بھی قسم کی بے ضابطگی اور نااہلی کی نشاندہی پر فی الفور کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ادارے کا وقار بلند کیا جائے گا اور ٹیکس گزاروں اور عوام کے ذہنوں میں ادارے کے تاثر کو بہتر بنایا جائے گا تا کہ ٹیکس گزار بغیر کسی شک و شبہ کے اپنے ذمہ کا ٹیکس ادا کریں اور اس یقین کے ساتھ ادا کریں کہ ان کا ادا کیا گیا ٹیکس ملکی ترقی اور عوام کی فلاح پر خرچ ہو گا۔

ترجمان نے کہاکہ بدعنوانی اور بے ضابطگی کے خلاف کسی قسم کی شکایات کے لئے ایف بی آر میں انٹیگریٹی پرفارمنس مینجمنٹ یونٹ قائم کیا گیا ہے اور کوئی بھی شکایت کنندہ ٹیلیفون کال، ای میل یا خط کے ذریعے کسی بھی ایف بی آر کے ملازم کے خلاف شکایت بھیج سکتا ہے جس کی تحقیقات اور جانچ پڑتال اعلی سطح کے افسران کریں گے۔ ترجمان نے کہاکہ ایف بی آر اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے حکومتی ریونیو میں اضافے کے لئے کوششیں جاری رکھے گا اور ادارے کے مقاصد کو ہر صورت حاصل کر نے کی کوشش کرے گا۔