زرعی یونیورسٹی فیصل آباد وزیراعظم پاکستان کے 10بلین ٹری سونامی کی کامیابی کیلئے ضلع کی سطح پر سب سے اہم اور بڑا ادارہ بن کر سامنے آئی ہے جہاں گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں نئے درخت لگا کر ان کی باقاعدہ حفاظت اور نشوونما یقینی بنائی جا رہی ہے

منگل 11 اگست 2020 19:02

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد وزیراعظم پاکستان کے 10بلین ٹری سونامی کی کامیابی ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 اگست2020ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد وزیراعظم پاکستان کے 10بلین ٹری سونامی کی کامیابی کیلئے ضلع کی سطح پر سب سے اہم اور بڑا ادارہ بن کر سامنے آئی ہے جہاں گزشتہ ایک سال کے دوران ہزاروں نئے درخت لگا کر ان کی باقاعدہ حفاظت اور نشوونما یقینی بنائی جا رہی ہے۔اس حوالے سے جھنگ روڈ پر یونیورسٹی کے پارس کیمپس میں منعقدہ پروقار تقریب میں ٹائیگر فورس کے نوجوانوں کے ہمراہ ائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف(ہلال امتیاز) نے ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور ضلعی کی سیاسی قیادت کے ہمراہ اڑھائی ایکڑ رقبے پر ہزاروں نئے درخت لگائے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران یونیورسٹی میں 25ہزار سے زائد پودے لگائے گئے ہیں اور پوری کیمپس کمیونٹی ہر فرد دو درخت کے فلسفے کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعظم پاکستان کے شجرکاری کے اہداف کوکامیابی سے آگے بڑھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ بینک کی حالیہ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2050ء تک پاکستان کے 6اضلاع جن میں لاہور‘ فیصل آباد اور ملتان سمیت سندھ کے تین اضلاع میرپورخاص‘ سکھر اور حیدرآباد موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہاٹ سپاٹ بن جائیں گے جہاں گرمی اتنی بڑھ جائے گی کہ زندگی گزارنا ناممکن ہوجائے گا لہٰذا ہمیں اس خوفناک صورتحال سے بچنے کیلئے انفرادی و اجتماعی کردار کی ادائیگی میں مزید تاخیر کے بجائے اس قومی مہم کو ہراول دستے کے طو رپر آگے بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی اپنی نرسری سے ہزاروں پودے لگا رہی ہے اور گارڈننگ ونگ کا عملہ اپنی ہفتہ وار چھٹی بھی کلین و گرین کیمپس کو یقینی بنانے کیلئے وقف کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کو ملک کی سب سے گرین و کلین جامعہ بنانے کیلئے پرعزم ہیں جس کیلئے روزانہ کی بنیاد پر نہ صرف درجنوں درخت لگائے جا رہے ہیں بلکہ انکا مکمل ڈیٹا بھی اَپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔