ٰلاہور،قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آر آئی کی رپورٹ حکومت کو بھجوادی

منگل 11 اگست 2020 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اگست2020ء) قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آر آئی کی اپنی ابتدائی رپورٹ حکومت کو بھجوادی ۔رپورٹ کے مطابق مریم نواز کی نیب پیشی کے موقع پر 7 ارکان قومی اور20 ارکان صوبائی اسمبلی نیب آفس پہنچے ۔: اراکین اسمبلی کے علاوہ 700 سے زائد لیگی سابق چیئرمین ، وائس چیئرمین اور کارکنان نیب آفس آئے ۔

(جاری ہے)

لیگی رہنما رانا ثنا اللہ ، طلال چودھری ، مصدق ملک ، کیپٹن (ر)محمد صفدر بھی نیب آفس پہنچے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیگی کارکنوں کا پولیس سے تصادم منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا ۔ لیگی کارکن اپنے ساتھ گاڑیوں میں پتھر کے شاپنگ بیگز لے کر آئے ۔ رپورٹ میں مریم نواز سمیت لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف دو مقدمات درج کرنے کی استدعا کی گئی جس میں کہا گیا ہے کہ ایک مقدمہ نیب اور دوسرا پولیس کی مدعیت میں درج کیا جائے ۔