کورونا کے باعث امریکہ کو ایک اور ہلاکت خیز دن کا سامنا

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں نے پچھلے اڑھائی ماہ کا ریکارڈ توڑ دیا

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر بدھ 12 اگست 2020 07:39

کورونا کے باعث امریکہ کو ایک اور ہلاکت خیز دن کا سامنا
واشنگٹن (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اگست 2020ء) امریکہ میں کورونا وائرس کے باعث یومیہ ہلاکتوں میں ایک دم سے اضافہ۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں نے پچھلے اڑھائی ماہ کا ریکارڈ توڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کی شدت میں پھر سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث 1500 سے زائد ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ گزشتہ اڑھائی ماہ کے عرصے میں ہونے والی یومیہ ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

امریکہ میں کورونا کے باعث 1500 سے زائد اموات آخری مرتبہ 27 مئی کو ریکارڈ کی گئی تھیں، جس کے بعد سے امریکہ بھر میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والی یومیہ ہلاکتوں میں مسلسل کمی دیکھی گئی جبکہ یومیہ رپورٹ ہونے والے نئے کیسز ریکارڈ سطح کو پہنچ گئے۔

(جاری ہے)

تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1 لاکھ 67 ہزار 749 ہو گئی ہے۔

 
 
کورونا سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے 54 ہزار سے زائد نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 53 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ امریکہ میں اب تک 27 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔