آئی سی سی بورڈ روم میں بھارت پاکستان تصادم کی تیاری

پاکستان کرکٹ بورڈ سادہ اکثریت سے نیا چیئرمین بنانے کی بھارتی کوشش کے سامنے دیوار بن گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 12 اگست 2020 12:50

آئی سی سی بورڈ روم میں بھارت پاکستان تصادم کی تیاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12اگست 2020ء ) آئی سی سی ایوانوں میں بھی پاک بھارت‘میچ‘ شروع ہوگیا جب کہ پاکستان کرکٹ بورڈ سادہ اکثریت سے نیا چیئرمین بنانے کی بھارتی کوشش کے سامنے دیوار بن گیا۔ پاکستان اور بھارت کی کرکٹ کے میدان میں موجود مسابقت اب آئی سی سی کے ایوانوں میں بھی شروع ہوگئی ہے،گذشتہ دنوں نئے چیئرمین کے انتخاب کا طریقہ کار طے کرنے کیلیے میٹنگ بے نتیجہ ثابت ہوئی تھی۔

ایک بھارتی اخبار کے مطابق دو تہائی اور سادہ اکثریت کے معاملے میں پاکستان اور بھارت میں اختلاف سامنے آیا ہے۔ آئی سی سی کے کچھ ممبرز، ڈائریکٹر اور پی سی بی کا اصرار ہے کہ نیا چیئرمین لازمی طورپر دو تہائی اکثریت کے ساتھ منتخب ہونا چاہیے،بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا اور دیگر بورڈز سادہ اکثریت پر زور دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی میں 17 ووٹ ہیں، دو تہائی اکثریت سے چیئرمین بننے کی خاطر 12 ووٹ درکار ہوں گے جبکہ سادہ اکثریت میں صرف 9 ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار چیئرمین بن جائے گا۔

اس وقت 11 ممبرز سادہ اکثریت کے حق میں ہیں۔ ان میں بھارت، انگلینڈ، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور باقی 7 فل ممبر بورڈز شامل ہیں، قائم مقام چیئرمین عمران خواجہ، غیرجانبدار ڈائریکٹر اندرا نوئی، 3 ایسوسی ایٹ ممبرز اور پی سی بی دو تہائی اکثریت کے خواہاں ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ دراصل آئی سی سی میں پاک بھارت گیم چل رہا ہے، بی سی سی آئی کو فیصلہ کرنا ہوگاکہ وہ کیا چاہتاہے، آئی سی سی قوانین میں چیئرمین کے الیکشن کیلیے سادہ یا دو تہائی اکثریت کی وضاحت نہیں ہے، ایک قرارداد پاس کرکے اس مسئلے کو حل کرنا ممکن ہوگا جو صرف سادہ اکثریت سے ہی منظور ہوجاتی ہے۔