یوم آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری

بدھ 12 اگست 2020 15:23

یوم آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) پورے ملک میں یوم آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں،قومی جھنڈوںسے سجی دکانوں کے عارضی سٹالز پر لوگوں خاص طور پر محب وطن نوجوانوں کا بہت بڑا رش دیکھنے میں آیا ہے۔ متعدد شہری خاص طور پر بچے اور نوجوان سڑک کے کنارے اسٹالز پر اپنی گاڑیوں اور موٹر بائیکس کو سجانے کے لئے جھنڈوں اور سٹکرز خرید رہے ہیں۔

دکانداروں نے یہ امید ظاہر کی ہے کہ آزادی سے متعلقہ اشیا کی خصوصی طور پر گاڑیوں کے لئے سجاوٹ کے سامان کی فروخت آنے والے دنوں میں مزید بڑھ جائے گی۔ ٹریفک پولیس کے ایک عہدیدار نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہروں کی تمام سڑکوں پر دکانیں ، گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں سبز اور سفید رنگوں سے سجتی ہوئی دیکھی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

نوجوان لڑکوں کے ایک گروپ نے کہا کہ ہم نے اپنے ساتھیوں اور دیگر شہریوں کو راغب کرنے کے لئے اپنی گاڑی کو سبز اور سفید پرچم سے سجایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سارے خاندانوں نے بھی اپنی گاڑیوں کی چھتوں کو سجانا شروع کر دیا ہے۔ایک شہری فوزیہ محمود نے بتایا کہ یوم آزادی منانے کے لئے ہر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد خاص طور پر نوجوان قومی جھنڈوں اور سٹکرز سے اپنے مکانات اور گاڑیاں سجانے میں مصروف ہیں ایک اور نوجوان بلال ملک نے بتایا کہ مرکزی بازاروں اور سڑکوں میں سڑک کے کنارے لگے ہوئے سٹالز قومی پرچموں سمیت مختلف چیزوں کی خریداری کے لئے توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔

سپر مارکیٹ میں سڑک کے کنارے لگے سٹالز والوں نے بتایا کہ ان کے سٹالز میں شام میں بچوں اور نوجوانوں کا رش ہوتا ہے ۔ایک بچے کے ساتھ ، ایک والد نے بتایا کہ ان کے بچوں نے گھر اور کار کو سجاوٹ اور جھنڈوں سے سجایا ہے۔ مختار احمد نے کہ اگست کے آغاز سے ہی مختلف اسٹالز رش نوجوانوں کے جذبہ حب الوطنی کی عکاسی کرتا ہے۔ایک ٹیکسی ڈرائیور راجہ وحید نے بتایا کہ انہوں نے اپنی گاڑی پر قومی پرچم لگایا ہے۔