طویل بندش کے بعد راولپنڈی میں میٹر وبس سروس بحال ، سڑکوں پر رش کم ہو گیا

بدھ 12 اگست 2020 15:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) طویل بندش کے بعد راولپنڈی میںمیٹر وبس سروس بحال ہونے سے سڑکوں پر رش کم ہو گیا ۔تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں تقریباً 4ماہ سے زائد کی طویل بند ش کے بعد بدھ 12اگست کو میٹرو بس سروس بحال کردی گئی تاہم کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل در آمد کرایا گیا ۔بس سروس کی بحالی پر جڑواں شہروں کے مسافروں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہاکہ بس سروس کی بندش سے وہ شدید مشکلات کا شکار تھے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ میٹرو بس سروس کے ذریعے لاکھوں کی تعداد میں مسافر سفر کرتے ہیں تاہم کورونا ایس او پیز کے ساتھ سروس کی بحالی کے بعد بس میں کھڑے ہو کر سفر کرنا ممنوع ہے جس کی وجہ سے تاحال مسافروں کی مشکلات مکمل حل نہیں ہو سکیں ۔دوسری جانب میٹرو بس سروس کی بحالی کے بعد شاہراہوں پر گاڑیوں کا رش کم ہو گیا ہے اور وہ شہری جو اپنی گاڑیوں پر سفر کرتے تھے انہوں نے بھی میٹرو بس کا سفر شروع کردیا ۔بس میں کھڑے ہونے کی ممانعت پر مسافروں نے انتظامیہ سے بسوں کی تعداد بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے ۔