چیف ایگزیکٹو نیشنل بنک عارف عثمانی کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت (کل ) ہو گی

بدھ 12 اگست 2020 17:30

چیف ایگزیکٹو نیشنل بنک عارف عثمانی کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) چیف ایگزیکٹو نیشنل بنک عارف عثمانی کی تعیناتی کے خلاف کیس کی سماعت کل (جمعرات )کو عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی کریں گے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے کیس ری لسٹ کرتے ہوئے سماعت 13اگست تک ملتوی کی تھی۔ نیشنل بنک کے سابق اسسٹنٹ وائس پریذیڈنٹ جاوید اقبال کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عارف عثمانی کی تقرری پبلک سیکٹر (اپوائنٹمنٹ آف چیف ایگزیکٹو) گائیڈ لائنز 2015 کے برعکس کی گئی ، وہ اس عہدے کے اہل نہیں۔

(جاری ہے)

عارف عثمانی پر بطور ایم ڈی سٹی بنک نائجیریا میں منی لانڈرنگ کے الزام میں فرد جرم بھی عائد ہوئی جس کی بناء پر وہ تاحیات نیشنل بنک آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کے لئے نااہل ہیں۔ تقرری کے لئے درخواست دیتے وقت عارث عثمانی نے اپنی دوہری شہریت بھی ظاہر نہیں کی ، مدعا علیہان نے عارف عثمانی کو نوازنے کے لئے دوہری شہریت ترک کرنے تک فروری 2019ء تک ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن روکے رکھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عارف عثمانی سے پوچھا جائے کہ وہ کس اتھارٹی کے تحت اس عہدے پر براجمان ہیں جبکہ دیگر فریقین سے استفسار کیا جائے کہ وہ قانون کی حکمرانی کو قائم کرنے میں کیوں ناکام رہے۔