Live Updates

سینئر پارلیمنٹرین، سابق وزیر طاہر کھوکھر تحریک انصاف میں شامل

بدھ 12 اگست 2020 17:33

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) سینئر پارلیمنٹرین، سابق وزیر طاہر کھوکھر تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ۔انہوں نے پی ٹی ائی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان گزشتہ روز ایک وفد کی صورت میں پی ٹی آئی سیکرٹریٹ گلبرگ گرین اسلام آباد میں صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کے بعد کیا۔ طاہر کھوکھر جو آزادکشمیر میں متوسط طبقہ کی سیاست اور عوامی حقوق کیلئے سیاسی جدوجہد کی ایک منفردتاریخ رکھتے ہیںنے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ریاست مدینہ کے فلسفہ، غریب عوام سے عملی ہمدردی ، مسئلہ کشمیر کے حوالے سے 70 سالہ جمود توڑتے ہوئے عملیت پسندی پر مبنی حکمت عملی اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی آزادکشمیر میں گڈگورننس اورمسئلہ کشمیر کے حوالے سے تاریخی جدوجہد سے متاثر ہو کر تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ طاہر کھوکھر زمانہ طالب علمی سے ہی عملی سیاست میں فعال کردار ادا کررہے ہیں ۔ وہ پی ایس ایف آزادکشمیر کے صدر رہنے کے علاوہ محترمہ بے نظیر بھٹو کے قریبی بااعتماد ساتھیوں میں بھی شمار ہوتے تھے ۔ اور پہلی مرتبہ پی پی کے ٹکٹ پر ہی آزادکشمیر میں ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے ، اور پی پی کی حکومت کے باوجود اس دور میں بھی طاہرکھوکھر کارکنان اور عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتے رہے۔

بعدازاں پی پی کی مفادپرست سیاست سے بددل ہو کر وہ متحدہ قومی موومنٹ جو غریب اور متوسط طبقات کے حقوق کی داعی اور جاگیردارانہ نظام کیخلاف تھی میں شمولیت اختیار کی اور خدمت خلق فائونڈیشن کے پلیٹ فارم سے 2005 کے زلزلہ کے بعد متاثرین کی بے مثال مدد کی اور امدادی کارروائیاں میں حصہ لیتے رہے۔ ایم کیو ایم کے ہی ٹکٹ پر طاہرکھوکھر دو مرتبہ ممبر قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے اور بحیثیت وزیرسیاحت ، آثار قدیمہ ، وائلڈلائف ، ٹرانسپورٹ ، امدادباہمی آزادکشمیر میں پہلی مرتبہ محکمہ جاتی اصلاحات کی ایک نئی تاریخ رقم کی۔

آزادکشمیر کی تاریخ میں پہلی پر سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کئے اور محکمہ سیاحت کو خسارہ سے نکال کر منافع بخش ادارہ میں تبدیل کیا۔ محکمہ آثار قدیمہ میں تاریخی اصلاحت کیں۔ بحیثیت وزیرٹرانسپورٹ عوامی مفادات کیلئے طویل جدوجہد کی اور قاتلانہ حملے تک برداشت کئے لیکن آزادکشمیر میں ٹرانسپورٹ مافیا کی اجارہ داری ختم کی اور عوام کو معیاری اور سستی ٹرانسپورٹ کی فراہمی کیلئے نئی کمپنیوں کی سرپرستی کی۔ طاہر کھوکھر کی تحریک انصاف میں شمولیت آزادکشمیر بھر کے سیاسی کارکنان اور عوام کیلئے ہوا کا ایک خوشگوار جھونکا ہے کیونکہ عوام جانتے ہیںکہ طاہرکھوکھر ان کی آوازاقتدار کے ایوانوں تک پہنچاتے رہیں گے اور غریب عوام کو ان کی صورت میں زبان ملے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات