آزاد جموں کشمیر میں مرحلہ وار سیاحت کی بحالی کا عمل شروع

بدھ 12 اگست 2020 18:05

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2020ء) حکومت آزاد جموں کشمیر نے آزاد خطہ میں مرحلہ وار سیاحت کی بحالی کا عمل شروع کر دیا ۔ اس سلسلہ میں انسپکٹر جنرل پولیس صلاح الدین خان کی ہدایت پر پولیس لائن مظفرآباد میں ٹورسٹ پولیس کے لیے ایک ریفرشر کورس کا انعقاد کیا گیا ۔ سیکرٹری سیاحت ، اطلاعات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی محترمہ مدحت شہزاد نے بدھ کے روز ریفرشر کورس کے شرکاء سے خطاب کیا ۔

اپنے خطاب میں محترمہ مدحت شہزاد نے کہاکہ حکومت نے آزادکشمیر آنے والے سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی،ہنگامی صورت میں ان کو امداد کی فراہمی اوران کی سیکورٹی فول پروف بنانے کیلئے ٹورسٹ پولیس کا قیام عمل میں لایا تھا۔ گزشتہ برس ٹورسٹ پولیس کا کردار شاندار رہا اور آزادکشمیر آنے والے سیاحوں نے بھی ٹورسٹ پولیس کی تعریف کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اب تک تقریباٹورسٹ پولیس نے 1000 افراد کو فرسٹ ایڈ دی ہے ہزاروں ٹوریسٹ کی مدد کی ہے۔اور کوڈ کے دوران لوگوں کی سیفٹی کے لیے ایک مہم چلائی ہے۔ اب ٹورازم کی بحالی پر مزید محنت سے کام جاری رکھیں۔سیکرٹری سیاحت نے اس موقع پر کور س کے شرکاء کو سیاحوں کے حوالے جاری کردہ ایس او پی کے حوالے سے بھی ہدایات دیں ۔اس موقع پر اے آئی جی سیکورٹی ریاض حیدر بخاری ،ریفرشر کورس کے ریسورس پرسن فیصل شفیق انچارج ٹوریسٹ پولیس مظفرآباد آ زاد کشمیر اور انسپکٹر شجاع الحسن گیلانی نے بھی خطاب کیا۔