ریلوے انتظامیہ کا17 اگست سے چار ٹرینوں کے روٹ تبدیل کرنے کا فیصلہ

روٹ تبدیل ہونے والی ٹرینوں میں گرین لائن،علامہ اقبال ایکسپریس، سرسید ایکسپریس قراقرم ایکسپریس شامل

بدھ 12 اگست 2020 18:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2020ء) ریلوے انتظامیہ نے 17 اگست سے چار ٹرینوں کے روٹ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق روٹ تبدیل ہونے والی ٹرینوں میں گرین لائن (5UP/6DN)، علامہ اقبال ایکسپریس(9UP/10DN) ، سرسید ایکسپریس (35UP/36DN)، قراقرم ایکسپریس (41UP/42DN) کے نام شامل ہیں۔ یہ ٹرینیںملتان کی بجائے براستہ جہانیاں، لودھراں ، روہڑی، ٹنڈو آدم اور حیدر آباد سے ہوتی ہوئی کراچی پہنچیں گی ۔

7 اگست کو چلنے والی گرین لائن (5UP) کراچی کینٹ سے رات 9 بجے روانہ ہوکر خانپور، خانیوال اور لاہور سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 9بجکر 15 منٹ پر مارگلہ ریلوے اسٹیشن پر پہنچے گی۔ اسی طرح گرین لائن (6DN) مارگلہ سے سہ پہر 3 بجے روانہ ہوکر لالہ موسی، لاہور ، خانیوال ، خانپور، روہڑی اور حیدرآباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز سہ پہر 3 بجکر 15 منٹ پر کراچی کینٹ پہنچے گی۔

(جاری ہے)

جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس (9UP)کراچی کینٹ سے دوپہر 2 بجے روانہ ہوکر حیدرآباد گھوٹگی، لودھراں، ساہیوال، لاہور سے ہوتی ہوئی اگلے روز دوپہر 2 بجکر 15 منٹ پر سیالکوٹ پہنچے گی۔ اسی طرح علامہ اقبال ایکسپریس (10DN) سیالکوٹ سے صبح 8 بجے روانہ ہوکر لاہور ، ساہیوال، خانیوال، خانپور، روہڑی اور نواب شاہ سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح 7 بجکر 55 منٹ کراچی کینٹ پہنچے گی۔

جبکہ سرسید ایکسپریس (35UP) کراچی کینٹ سے رات 8 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوکر ٹنڈوآدم ،خانپور، خانیوال اور فیصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز رات 8 بجے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ اسی طرح سرسید ایکسپریس (36DN) راولپنڈی سے صبح 10 بجے روانہ ہوکر لالہ موسی، فیصل آباد، خانیوال ، بہاولپور اور حیدرآباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح 9 بجے کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پہنچے گی۔ جبکہ قراقرم ایکسپریس (41UP/42DN) اسی طرح اسی روٹ سے سفر کرتی ہوئی اپنا آنے اور جانے کا سفر مکمل کرے گی۔