پبلک اکائونٹس کمیٹی آزاد کشمیر کی منصوبوں میں غفلت اور بروقت تکمیل نہ کرنیوالے ٹھیکیداران کو بلیک لسٹ کرنے کی ہدایت

بدھ 12 اگست 2020 18:38

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2020ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ وہ ٹھیکیداران جو کہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے متعلقہ پراجیکٹ کی تکمیل بروقت نہ کرنے کے ساتھ ساتھ تصریحات کے مطابق کام نہیں کرتے اور سنگین بدعملی کا مظاہر ہ کرتے ہیں اُن کو بلیک لسٹ کیا جائے تاکہ وہ آئندہ قومی خزانہ اور پراجیکٹس کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

اسکے علاوہ متعلقہ آفیسران جن کی ذمہ داری میں ہے کہ وہ پراجیکٹس کے معیار کو بہر صورت قائم رکھوائیں اُن کی بھی باز پرس کو یقینی بنایا جائے۔علاوہ ازیں دھیر کوٹ بائی پاس روڈ کے انتہائی غیر معیاری ہونے اور قلیل عرصہ میں ٹُوٹ پُھوٹ کا شکار ہونے کی بناء پر کمیٹی نے ہدایت کی کہ متعلہ ٹھیکدار کو پابند کیا جائے کہ وہ اس روڈ کو معیار کے مطابق مکمل کرے ۔

(جاری ہے)

محکمہ کے متعلقہ ذمہ داران کی بھی انکوائری کی جائے کہ اس بائی پاس روڈ کا معیار اس قدر کم تر کیوں ہوا۔ تفصیلات کے مطابق بُدھ کے روز آزاد کشمیر پبلک اکائونٹس کمیٹی کا اجلاس چیئر مین کمیٹی عبدالرشید ترابی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ تعمیر ات عامہ شاہرات(نارتھ) کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی۔محکمہ نے کمیٹی کی سابق ہدایات کی روشنی میں اپنے ذمہ 153آڈٹ پیرا جات کے حوالے سے 44787583روپے ریکور کیئے۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ زمین /پراپرٹی ایکوائر کرنے کے ضمن میں کلیکٹر کو دی جانے والی رقم پر مکمل فالو اپ رکھا جانا چاہیے کہ کس حد تک disbursementہوئی، کس کس سکیم کے لیئے کتنے روپے جاری ہوئے اور کتنے بقایا ہیں۔کمیٹی نے اس حوالے سے آج کے اجلاس میں SMBRکو طلب کیا ہے تاکہ مکمل آگاہی اور واضح پالیسی سامنے آئے۔deviationکے حوالے سے ڈرافٹ پیرا جات کو زیر غور لاتے ہوئے کمیٹی نے ہدایت کی کہ یہ مناسب نہیں کہ طویل عرصہ قبل ورک ڈن پر اب deviationآرڈر جاری کیئے جائیں۔

ضروری ہے کہ ادائیگی سے قبل deviationآرڈر جاری کیا جائے۔کمیٹی نے ڈرافٹ پیرا سال2012-13 گوراہ روڈPC-1 طویل عرصہ بعد reviseہونے کے حوالے سے اصل صورتحال جاننے کے لیئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ڈویلپمنٹ) کو آج اجلاس میں طلب کیا ہے۔اجلاس میں ممبران کمیٹی سردار عامر الطاف خان ڈپٹی سپیکر، عبدالماجد خان ایم ایل اے، محترمہ سحرش قمر کی شرکت کے علاوہ محکمہ کی نمائندگی غلام بشیر مُغل سیکرٹری ورکس نے کی۔اُنکی معاونت چیف انجینئر، سپرنٹنڈنگ انجینئر، ایکسین صاحبان نے کی۔محمد حسن رانا ڈائریکٹر جنرل آڈٹ، جُمعہ خان ایڈیشنل سیکرٹری مالیات نے اجلاس میں شرکت کی ۔ چوہدری بشارت حسین سیکرٹری اسمبلی نے سیکرٹری کمیٹی کے فرائض سر انجام دیئے۔کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بھی جاری رہے گا۔