وزیراعظم نے چھوٹی اوردرمیانی صنعتوں کی ترقی کے لیے قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی

مشترکہ مفادات کونسل نے متبادل اورقابل تجدید توانائی پالیسی کی منظوری دی ہے. وفاقی وزیرپانی وبجلی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 12 اگست 2020 18:45

وزیراعظم نے چھوٹی اوردرمیانی صنعتوں کی ترقی کے لیے قومی رابطہ کمیٹی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔12 اگست ۔2020ء) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل نے متبادل اور قابل تجدید توانائی پالیسی کی منظوری دی ہے سال 2025 تک پاکستان میں 20 فیصد بجلی قابل تجدید اور متبادل ذرائع سے حاصل کی جائے گی. اسلام آباد میں وزیر سائنس اینڈ تیکنالوجی فواد چوہدری اور معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ قابل تجدید ذرائع سے بجلی کے حصول کیلئے شفاف طریقے سے بولی کا عمل ہورہا ہے پاکستانی سائنسدان ہوا سے بجلی کی پیدوار کیلئے استعمال ہونے والے آلات بنانے کی تیاری کررہے ہیں.

انہوں نے کہا کہ تھر کے کوئلے کے ذخائر سے بھی مجموعی طلب کے 10 فیصد تک بجلی حاصل کریں گے سال 2030 تک متبادل ذرائع توانائی سے 30 فیصد بجلی حاصل کی جائے گی اس سے صنعت اور گھریلو صارفین کو فائدہ ہو گا. ندیم بابر نے کہا کہ حکومت نئی پالیسی کے تحت قابل تجدید توانائی کے آلات کی تیاری پر رعایت دے رہی ہے قابل تجدید توانائی کے شعبے میں سالانہ بینادوں پر بولی دینے کا عمل ہوگا‘معاون خصوصی برائے پیٹرولیم نے کہا کہ پن بجلی پیدوار سے متعلق بھی جلد نئی پالیسی لائی جارہی ہے نئی پالیسی کے تحت نجی کمپنی جتنی بجلی پیدا کرے گی اتنی ہی ادائیگی ہوگی.

وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ماضی میں پاکستان میں نئی ٹیکنالوجی کی تیاری کی راہ میں بہت رکاوٹیں تھیں۔

(جاری ہے)

آئندہ 10 سے 15 سال میں بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جاسکے گی. فواد چوہدری نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس کے بلز دیکھ کرعوام پریشان ہوجاتے ہیں مہنگے منصوبوں سے بجلی اور گیس کے بلز زیادہ آتے ہیں ہمارا مقصد بجلی سستی اور لوڈشیڈنگ سے نجات دلاناہے.

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی ترقی کے لیے قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دیدی ہے ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے سفارشات تیار کرے گی اور معاشی سرگرمیوں کے لیے بھی تجاویز دے گی. وزیرصنعت و پیداوار میاں حماد اظہر قومی رابطہ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے ان کے علاوہ صنعت وپیداوار، کامرس، خزانہ اور پاورڈویژن کے سیکرٹری کمیٹی کا حصہ ہوں گے ان کے علاوہ پیٹرولیم اور وزارت قانون کے سیکرٹری اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹری بھی کمیٹی کے ممبر ہوں گے‘جبکہ چیئرمین ایف بی آر،چیئرمین ایس ای سی پی، گورنر اسٹیٹ بینک اور صوبوں سے ایس ایم ای سیکٹر کا ایک،ایک نمائندہ کمیٹی میں شامل ہوں گے.